کرکٹ ورلڈ کپ شیڈول کے اعلان میں تاخیر کے لئے پی سی بی ذمہ دار: بی سی سی آئی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ڈرافٹ شیڈول میں تبدیلی کے مسلسل مطالبے کی وجہ سے ابھی تک باضابطہ شیڈول کا اعلان نہیں ہوسکا۔
ممبئی: تمام کرکٹ شائقین اس سال کے آخر میں ہندوستان میں منعقد ہونے والے ونڈے ورلڈکپ کے باضابطہ شیڈول کے اعلان کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ڈرافٹ شیڈول میں تبدیلی کے مسلسل مطالبے کی وجہ سے ابھی تک باضابطہ شیڈول کا اعلان نہیں ہوسکا۔
اب بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ایک عہدیدار نے بھی اس پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجے گئے ڈرافٹ شیڈول میں پی سی بی نے دونوں میچوں کے مقام کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس میں افغانستان کے خلاف میچ چینائی کے گراؤنڈ سے کہیں اور منتقل کرنے کے علاوہ ہندوستان کے خلاف احمدآباد گراؤنڈ کے بجائے کسی اور مقام پر میچ کے انعقاد کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ پی سی بی جو چاہے کہہ سکتا ہے۔ لیکن اس شیڈول میں تاخیر کا ذمہ دار صرف وہی ہے۔ اس سے پہلے وہ احمدآباد میں کھیلنے کیلئے تیار نہیں تھے۔ اب چینائی میں کھیلنے کو تیار نہیں۔ وہ ہمیشہ غیر محفوظ رہتے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے رواں ہفتے ونڈے ورلڈ کپ کے باضابطہ شیڈول کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ ڈرافٹ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ 5 اکتوبر سے شروع ہوسکتا ہے۔ اس میں پہلا میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 8 اکتوبر کو چینائی کے میدان سے اپنی مہم کا آغاز کرسکتی ہے۔ ونڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز 15 اور 16 نومبر کو کھیلے جاسکتے ہیں جبکہ ٹائٹل میچ 19 نومبر کو کھیلا جاسکتا ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا تاریخی میچ ڈرافٹ شیڈول کے مطابق 15 اکتوبر کو ہوسکتا ہے جس میں دونوں ٹیمیں احمدآباد کے اسٹیڈیم میں ٹکرا سکتی ہیں۔