تلنگانہ

بی آر ایس میں کے کویتا کو اہم ذمہ داری دینے کا منصوبہ

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنی قومی جماعت بھارت راشٹرا سمیتی میں کے کویتا کو اہم ذمہ داری تفویض کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنی قومی جماعت بھارت راشٹرا سمیتی میں کے کویتا کو اہم ذمہ داری تفویض کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

کے چندر شیکھر راؤ گذشتہ چار دنوں سے نئی دہلی میں قیام پذیر ہیں اوران کے ساتھ کے کویتا بھی ہیں۔ واضح رہے کہ 5/اکتوبر کو جس دن کے سی آر نے ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا اُس تقریب میں کے کویتا شریک نہیں تھیں۔ اُس وقت یہ چہ مگوئیوں کا بازار گرم تھا کہ کویتا سے کے سی آرناراض ہیں۔

مگر ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات میں کے سی آر کے سا تھ کویتا شریک رہیں۔

اطلاعات کے مطابق کے سی آر، ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کے بعد ریاست تلنگانہ کی ذمہ داری اپنے فرزند کے ٹی راما راؤ کے حوالہ کرناچاہتے ہیں اور قومی سطح پر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات، مخالف بی جے پی مورچہ بنانے کیلئے بات چیت میں اپنے دونوں بھانجوں ہریش راؤ اور سنتوش کمار کو ساتھ رکھیں گے۔

دوسری طرف دہلی میں پارٹی امور کی ذمہ داری اپنی دختر کے کویتا کو سونپنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ کویتا کو بھارت راشٹرا سمیتی کے جنرل سکریٹری کے عہدے پر فائز کیا جائے گا۔

a3w
a3w