تلنگانہ

نماز رب اور بندے کے درمیان مضبوط تعلق کا ذریعہ ہے: نماز ڈائری کے جدید ایڈیشن کی رونمائی

مولانا اظہار الحق قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نماز ڈائری کی اشاعت ایک قابلِ تحسین اور خوش آئند اقدام ہے، کیونکہ اس کے ذریعے ایک سال کے دوران ادا کی جانے والی نمازوں کا جائزہ لیا جا سکتا ہے اور یہ معلوم ہوتا ہے کہ کتنی نمازیں قضا ہو رہی ہیں۔ اس سے انسان میں خود احتسابی اور اصلاح کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈائری دراصل اسلامی تعلیم "حاسبوا قبل أن تحاسبوا" کی عملی تعبیر ہے۔

حیدرآباد: معروف دینی و روحانی شخصیت مولانا شاہ محمد اظہار الحق قریشی قاسمی چشتی صابری نے کہا ہے کہ نماز ہر مسلمان پر فرض ہے اور یہ رب اور بندے کے درمیان مضبوط تعلق اور رابطے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ خود بھی نماز کی پابندی کریں اور اپنی اولاد کو بھی اس کی عادت ڈالیں۔

وہ آج مسجد نور، جامعہ عربیہ ارشاد العلوم، سلیمان نگر، میر محمود پہاڑی، حیدرآباد میں نماز ڈائری کے جدید ایڈیشن کی رونمائی کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس ڈائری کو جامعہ کے ناظم مولانا محمد حبیب الرحمٰن حسامی نے مرتب کیا ہے۔

مولانا اظہار الحق قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نماز ڈائری کی اشاعت ایک قابلِ تحسین اور خوش آئند اقدام ہے، کیونکہ اس کے ذریعے ایک سال کے دوران ادا کی جانے والی نمازوں کا جائزہ لیا جا سکتا ہے اور یہ معلوم ہوتا ہے کہ کتنی نمازیں قضا ہو رہی ہیں۔ اس سے انسان میں خود احتسابی اور اصلاح کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈائری دراصل اسلامی تعلیم "حاسبوا قبل أن تحاسبوا” کی عملی تعبیر ہے۔

انہوں نے مولانا محمد حبیب الرحمٰن حسامی کی علمی و تصنیفی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جدید انداز میں مفید دینی کتب شائع کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں "آفاق دینیات” کے نام سے ایک اہم کتاب شائع کی تھی اور اب نماز ڈائری کا نیا اور خوبصورت ایڈیشن منظر عام پر آیا ہے۔

مولانا اظہار الحق قریشی نے امتِ مسلمہ، خصوصاً والدین سے اپیل کی کہ وہ اس ڈائری کو حاصل کریں اور اپنے بچوں کو نماز کا پابند بنانے کے لیے اس سے استفادہ کریں، کیونکہ یہ بچوں میں نماز کی عادت پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی عبد المنعم قریشی فاروقی قاسمی، استاد دارالعلوم اشرفیہ گولکنڈہ، نے کہا کہ موجودہ پرفتن دور میں نئی نسل کو دین، مساجد، مدارس اور اہلِ اللہ کی مجالس سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے فتنوں کے پیش نظر بچوں کی دینی تربیت پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نماز ڈائری کا جدید انداز میں اجراء ایک بہترین قدم ہے، جو اسکولوں، مکاتب اور مدارس کے طلبہ میں نماز کی پابندی پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مولانا محمد حبیب الرحمٰن حسامی نے بتایا کہ نماز ڈائری گزشتہ دس برسوں سے مسلسل شائع ہو رہی ہے اور ملک کی مختلف ریاستوں کے مدارس، اسکولوں اور مکاتب میں استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار اسے رنگین صفحات اور بہتر طباعت کے ساتھ مزید دیدہ زیب انداز میں شائع کیا گیا ہے۔

انہوں نے والدین، اسکولوں اور مکاتب کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ اس ڈائری کے استعمال کو فروغ دیں تاکہ بچوں اور طلبہ میں نماز کی پابندی کا شعور پیدا ہو سکے۔

یہ ڈائری دی رحمن امپرنٹ، سلیمان نگر کی جانب سے شائع کی گئی ہے اور حیدرآباد میں دکن ٹریڈرس (مغل پورہ و چارمینار)، یاسین بک ڈپو (مغل پورہ) اور مکتبہ کلیمیہ (ملے پلی) پر دستیاب ہے۔

تقریب میں مولانا محمد حسیب الرحمٰن مظاہری، مفتی منیب الرحمٰن قاسمی، محمد ثاقب الرحمٰن اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

منتظمین کے مطابق، اسکولوں اور مکاتب کے ذمہ داران نماز ڈائری کے استعمال کے طریقہ کار یا اس کے حصول سے متعلق معلومات کے لیے 9700072943 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔