حیدرآباد

صدر بی آر ایس کے سی آر کا دہلی کی قیام گاہ سے تعلق ختم

مرکزی حکومت کی جانب سے چیف منسٹرس کو دہلی میں کوارٹرس فراہم کئے جاتے ہیں اور کے سی آر کے حصہ میں وہی کوارٹر آیا۔ 2014ء میں حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد سے کے سی آر کی دختر کویتا نے کامیابی حاصل کی۔

حیدر آباد: صدر بی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ کا تقریباً 20 سال بعد دہلی میں 23 تغلق روڈ میں واقع سرکاری قیام گاہ سے تعلق ختم ہوگیا۔ 2004ء میں کے سی آر حلقہ پارلیمنٹ کریم نگر سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کی کابینہ میں بطور وزیر صنعت ذمہ داری سنبھالی تھی۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ ہائی کورٹ میں تحقیقاتی کمیشن کو غیر قانونی قرار دینے کی درخواست مسترد
آتشبازی پر سال بھر امتناع ضروری: سپریم کورٹ
اروند کجریوال،سرکاری قیامگاہ سے نئے بنگلے میں منتقل
کجریوال چند ہفتوں میں سرکاری بنگلہ خالی کردیں گے
اسکول جانے سے بچنے کی خاطر بم کی دھمکی، طالب ِ علم زیر حراست

مرکزی وزیر ہونے کے ناطے اِنہیں تغلق روڈ پر ٹائپ۔ 8 کوارٹرس منظور کیا گیا تھا۔ 2006ء میں کے سی آر نے مرکزی کابینہ اور رکنیت پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ضمنی انتخابات میں دوبارہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے اِسی کوارٹر میں رہائش پذیر رہے۔

 2009ء میں حلقہ پارلیمنٹ محبوب نگر سے انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور دوبارہ اِسی کوارٹر میں رہائش اختیار کی۔ 2014ء میں تشکیل تلنگانہ کے بعد منعقد ہوئے پہلے انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کے بعد کے سی آر چیف منسٹر بنے۔

مرکزی حکومت کی جانب سے چیف منسٹرس کو دہلی میں کوارٹرس فراہم کئے جاتے ہیں اور کے سی آر کے حصہ میں وہی کوارٹر آیا۔ 2014ء میں حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد سے کے سی آر کی دختر کویتا نے کامیابی حاصل کی۔ تغلق روڈ پر واقع کوارٹر والد اور دختر کی رہائش گاہ کے لئے اُسی کوارٹر کا انتخاب کیا۔

اِس طرح یہ مکان کویتا اور کے سی آر کے لئے دہلی میں سرکاری رہائش گاہ بنا رہا۔ 2018ء میں کے سی آر دوسری بار چیف منسٹر بنے اور پھر ایک بار اِسی کوارٹر میں رہائش اختیار کی۔

 2023ء اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور کے سی آر نے عہدہ چیف منسٹر سے استعفیٰ دے دیا۔ اب اطلاعات ہیں کہ کے سی آر نے یہ کوارٹر خالی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق آئندہ 3 چار دنوں میں اِس کوارٹر کو خالی کردیا جائے گا۔