پروفیشنل ڈگری ہولڈرس، ڈیلیوری بوائے بننے پر مجبور: اکھلیش یادو (ویڈیو)
سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے اتوار کے دن بی جے پی حکومت پر تنقید کی۔ اُنہوں نے الزام عائد کیا کہ وہ اہم مسائل حل کرنے کے بجائے پروپگنڈہ کو ترجیح دے رہی ہے۔

لکھنؤ (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے اتوار کے دن بی جے پی حکومت پر تنقید کی۔ اُنہوں نے الزام عائد کیا کہ وہ اہم مسائل حل کرنے کے بجائے پروپگنڈہ کو ترجیح دے رہی ہے۔
بیروزگاری کا مسئلہ اُٹھاتے ہوئے اُنہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت روزگار کے مناسب مواقع فراہم نہیں کرسکی جس کی وجہ سے درکنار طبقات ریزرویشن کے فائدے سے محروم ہیں۔
لکھنؤ میں پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں اُنہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت مسلسل پروپگنڈہ کررہی ہے۔ ہمیں یہ بھی یادرکھنا ضروری ہے کہ ہمارا مسئلہ ابھی بھی بے روزگاری ہے۔ نوکریاں گھٹتی جارہی ہیں۔ لوگوں کو اُن کی صلاحیت ولیاقت کے مطابق کام نہیں مل رہاہے۔
حکومت عزت والا روزگار دے نہیں پارہی ہے۔ اچھی پروفیشنل ڈگریاں رکھنے والے ڈیلیوری بوائے بنے ہوئے ہیں کیونکہ اُنہیں قابل احترام نوکریاں نہیں مل رہی ہیں۔
اکھلیش یادو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت دستوری حقوق کی نفی کررہی ہے۔ وہ ریزرویشن پالیسی سے چھیڑ چھاڑ کررہی ہے۔ نوکریاں نہ دینے کا مطلب ریزرویشن نہ دینا ہے۔ تعلیم کے شعبہ میں حد سے زیادہ سیاسی مداخلت ہورہی ہے۔