دہلی

راہول گاندھی نے پینٹرس کے ساتھ دیوالی منائی (ویڈیو)

قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے جمعہ کے دن ملک میں ایسا سسٹم وجود میں لانے کا مطالبہ کیا جس میں لوگوں کے ہنر کو مستحقہ مقام ملے اور ہر کسی کی خدمات کا احترام ہو۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے جمعہ کے دن ملک میں ایسا سسٹم وجود میں لانے کا مطالبہ کیا جس میں لوگوں کے ہنر کو مستحقہ مقام ملے اور ہر کسی کی خدمات کا احترام ہو۔

متعلقہ خبریں
گوالیار کی شاہی ریاست نے انگریزوں کی حمایت کی تھی:پون کھیڑا
مودی حکومت، صنعتکاروں کے لئے کام کرتی ہے: راہول گاندھی
ٹاملناڈو ٹرین حادثہ، مرکز پر راہول گاندھی کی تنقید
اتم کمار ریڈی سے راہول گاندھی کا اظہار تعزیت
راہول گاندھی کی انتخابی مہم پر پابندی لگائی جائے: بی جے پی

انہوں نے دیوالی ویڈیو شیئر کیا جس میں انہیں پینٹرس اور کمہاروں سے بات چیت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ 9 منٹ کے ویڈیو میں یو ٹیوب پر وہ اپنے بھانجہ ریحان راجیو وڈرا کے ساتھ بات چیت کرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ انہوں نے خاص لوگوں کے ساتھ یادگار دیوالی منائی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے یہ دیوالی بعض پینٹرس اور ایک کمہار کنبہ کے ساتھ کام کرتے ہوئے منائی۔ میں نے ان کے کام کو قریب سے دیکھا‘ ان کا ہنر سیکھنے کی کوشش کی اور ان کی مشکلات و مسائل کو سمجھا۔ یہ لوگ تہوار منانے گھر نہیں جاتے۔ یہ لوگ اپنا گاؤں‘ شہر اور کنبہ بھول چکے ہیں۔ یہ لوگ مٹی سے خوشیاں بناتے ہیں۔ مکانوں کی تعمیر کرنے والے اپنا گھر مشکل سے چلاپاتے ہیں۔

راہول گاندھی نے کہا کہ دیوالی کا مطلب وہ روشنی ہے جو غربت اور بے بسی کا اندھیرا دور کرے۔ ہمیں ایسا سسٹم بنانا ہوگا جس میں لوگوں کی مہارت کو اس کا صلہ ملے۔ ہر ایک کی خدمات کا احترام ہو۔ ویڈیو میں راہول گاندھی کو 10 جن پتھ والے بنگلہ میں مزدوروں کے ساتھ کام کرتے اور اپنے بھانجہ کے ساتھ دیواروں پر پینٹ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسرے ویڈیو میں راہول گاندھی ایک عورت کے گھر جاتے ہیں جو اپنی 5 بیٹیوں کے ساتھ مٹی کے دیئے بناتی ہے۔ راہول گاندھی نے دیئے بنانے کی کوشش کی اور کہا کہ وہ یہ دیئے اپنی ماں اور بہن کو دیں گے۔قائد اپوزیشن نے جنہوں نے 10 جن پتھ والے بنگلہ میں زیادہ وقت گزارا‘ کہا کہ انہیں یہ مکان پسند نہیں ہے۔

وجہ یہ ہے کہ اس مکان میں قیام کے دوران ہی ان کے والد اور سابق وزیراعظم راجیو گاندھی 21 مئی 1991 کو ٹاملناڈو کے سری پیرمبدور میں ہلاک ہوئے تھے۔ راہول گاندھی نے اپنے بھانجہ سے کہا کہ میرے والد کی موت اسی بنگلہ میں قیام کے دوران ہوئی۔ مجھے یہ مکان زیادہ پسند نہیں ہے۔ 10 جن پتھ والا بنگلہ 1990 میں راجیو گاندھی کو الاٹ ہوا تھا۔ بعد میں یہ سونیا گاندھی کو الاٹ ہوا جو اسی بنگلہ میں رہ رہی ہیں۔

راہول گاندھی کو ایم پی بننے کے بعد تغلق لین میں 12 نمبر کا بنگلہ الاٹ ہوا تھا۔ گزشتہ برس لوک سبھا سے نااہل قرارپانے پر انہیں یہ بنگلہ خالی کرنا پڑا تھا اور وہ اپنی ماں سونیا گاندھی کے پاس 10 جن پتھ والے بنگلہ میں واپس آگئے تھے۔

وہ رائے بریلی سے ایم پی بننے کے بعد بھی یہیں رہ رہے ہیں۔ کنیاکماری تا کشمیر بھارت جوڑو یاترا اور منی پور تا ممبئی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے وقت سے راہول گاندھی سماج کے مختلف طبقات کے لوگوں میکانکس تا موچی‘ مزدور تا بس ڈرائیور بات کرتے رہے ہیں۔

Photo Source: @LutyensMediaIN