حیدرآباد

نظام حیدرآباد کا ذاتی پٹرول پمپ

یہ ایک خانگی پٹرول پمپ ہے جو پہلے نظام حیدرآباد کی ملکیت تھا تاکہ ان کی کاروں، گاڑیوں ٹرکوں کے بیڑے کے علاوہ دیگر مشینوں کو درکار فیول فراہم کیا جاسکے۔

حیدرآباد: جوبلی ہلز میں واقع کاسو برہمانند ریڈی نیشنل (KBRN) پارک کے سبزہ زار (جو جنگل میں تبدیل ہوچکا ہے) میں تاریخی اعتبار سے ایک اہم چیز منظر عام پر آئی ہے جو اب تک لوگوں کی نظروں سے پوشیدہ تھی۔ یہ ایک خانگی پٹرول پمپ ہے جو پہلے نظام حیدرآباد کی ملکیت تھا تاکہ ان کی کاروں، گاڑیوں ٹرکوں کے بیڑے کے علاوہ دیگر مشینوں کو درکار فیول فراہم کیا جاسکے۔

حال ہی میں حیدرآباد کے ایک شہری راجو الوری نے اسے منظر عام پر لایا تھا جو ہر صبح چہل قدمی کے لئے کے بی آر پارک جاتے ہیں۔ جیسے ہی یہ اس پٹرول پمپ کے آثار کی تصاویر منظر عام پر آئیں پارک کو جانے والوں اور بالخصوص نظام حیدرآباد سے محبت رکھنے والے حیدرآبادی شہریوں میں ایک نئے تجسس نے جنم لے لیا۔

الوری راجو نے کے بی آر پارک میں معمول کی سیر کے دوران قدیم پیٹرول پمپ مشین دریافت کرتے ہوئے اسے اپنی فیس بک ٹائم لائن پر شیئر کیا۔

انہوں نے لکھا کہ کے بی آر پارک میں چہل قدمی کے راستے کے قریب ہونے کے باوجود پارک کو روزانہ آنے والوں کی توجہ اس پمپ کی طرف مبذول نہیں ہوسکی کیونکہ یہ جھاڑیوں میں چھپا ہوا تھا۔  

دھیان رہے کہ یہ انکشاف کے بی آر پارک کی بھرپور تاریخ پر روشنی ڈالتا ہے جیسا کہ ڈیویژنل فارسٹ آفیسر کے تیار کردہ ایک انتظامی منصوبے کی دستاویز میں اس کی تفصیل موجود ہے۔

دستاویز کے مطابق جوبلی ہلز فاریسٹ بلاک کا کل رقبہ142.5 ہیکٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اب اس علاقہ کو کے بی آر نیشنل پارک کہا جاتا ہے۔ اس سے پہلے یہ نظام حیدرآباد کے قبضے میں تھا۔ اس علاقے کو بعد میں حکومت نے اربن لینڈ سیلنگ ایکٹ کے تحت حاصل کر لیا تھا۔ تاہم جملہ اراضی کا 2.40 ہیکٹر پر مشتمل ایک حصہ نظام کو اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

دستاویز کے مطابق 1960 کی دہائی کے دوران نظام حیدرآباد کی جانب سے فاریسٹ بلاک کے اطراف تعمیر کی گئی حفاظتی دیوار سطح مرتفع دکن کے نمائندہ نباتات، حیوانات اور منفرد چٹانوں کی حفاظت میں اہم رول ادا کرتی رہی ہے۔

وسیع و عریض نیشنل پارک کے اندر 17 نامزد مقامات ہیں جنہیں نظام کے علاقے سمجھا جاتا ہے جہاں ان کے نوکروں اور سیکورٹی اسٹاف کو مسلسل رسائی حاصل ہے۔

ان علاقوں میں ایک علاقہ وہ بھی ہے جہاں ان کا ذاتی پٹرول پمپ موجود ہے۔ اس کا رقبہ 528.28 مربع میٹر ہے۔ ان غیر رہائشی علاقوں میں ایک گیراج، پولٹری شیڈ، ورکشاپ شیڈ، دھوبی خانہ، گول بنگلہ اور مور بنگلہ بھی شامل ہے۔

نظام کے ذاتی پٹرول پمپ کی دریافت حیدرآباد کے تاریخی ماضی اور اس کے شاہی ورثے سے اس کے لازوال تعلق کی یاد دہانی کا کام کرتی ہے۔

a3w
a3w