آر بی آئی کا بڑا فیصلہ، جلد متعارف ہوں گے پلاسٹک کے کرنسی نوٹ
ماہرین کا کہنا ہے کہ پولیمر نوٹ عام کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں چار سے پانچ گنا زیادہ دیرپا ہوتے ہیں۔ یہ نوٹ پانی، نمی، گرد و غبار اور روزمرہ کے استعمال سے کم متاثر ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں بار بار تبدیل کرنے کی ضرورت بھی کم پڑتی ہے۔
نئی دہلی: ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) ملک میں پلاسٹک (پولیمر) کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں آر بی آئی نے عالمی سطح پر ٹینڈر طلب کیے ہیں، جس کے بعد پائلٹ پروجیکٹ کے تحت جلد ہی 10 اور 20 روپے کے پولیمر نوٹ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق، ابتدائی مرحلے میں کم مالیت کے نوٹوں کو پولیمر میٹریل پر شائع کیا جائے گا تاکہ ان کی کارکردگی اور پائیداری کا جائزہ لیا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پولیمر نوٹ عام کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں چار سے پانچ گنا زیادہ دیرپا ہوتے ہیں۔ یہ نوٹ پانی، نمی، گرد و غبار اور روزمرہ کے استعمال سے کم متاثر ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں بار بار تبدیل کرنے کی ضرورت بھی کم پڑتی ہے۔
پولیمر کرنسی کی ایک اور بڑی خصوصیت اس میں شامل جدید سیکیورٹی فیچرز ہیں، جو جعلی نوٹوں کی روک تھام میں مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان جدید حفاظتی خصوصیات کی بدولت جعلی کرنسی تیار کرنا نسبتاً زیادہ مشکل ہو جائے گا۔
اگر پائلٹ پروجیکٹ کامیاب رہا تو مستقبل میں دیگر مالیت کے نوٹ بھی مرحلہ وار پولیمر میٹریل پر جاری کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم، اس حوالے سے آر بی آئی کی جانب سے حتمی ٹائم لائن کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔