برطانیہ میں ورلڈ کپ کے نام پر جعلی جرسیوں کا کاروبار بے نقاب، کروڑوں پاؤنڈ مالیت کا مال برآمد
حکام نے خبردار کیا کہ جعلی جرسیوں میں استعمال ہونے والے رنگ اور دیگر مواد، خصوصاً بچوں کی جلد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
لندن : فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران برطانیہ میں 18 ملین پاؤنڈ سے زائد مالیت کی جعلی فٹبال جرسیوں اور دیگر کھیلوں کے سامان کی بڑی کھیپ ضبط کر لی گئی ہے۔
برطانوی حکام کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران جعلی جرسیوں کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، تاہم یہ مصنوعات نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ صارفین، خصوصاً بچوں، کی صحت اور حفاظت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔
پولیس انٹیلیکچوئل پراپرٹی آفس نے ‘آپریشن بلاکس وچ’ کے تحت ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو لاکھ 20 ہزار سے زائد جعلی فٹبال مصنوعات برآمد کیں۔
برمنگھم کے ایک گودام پر چھاپے کے دوران ایک ہزار 618 جعلی جرسیاں قبضے میں لی گئیں، جن میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کائلیان ایمباپے اور ایرلنگ ہالینڈ کے نام سے منسوب نقل شدہ جرسیاں بھی شامل تھیں۔
حکام نے خبردار کیا کہ جعلی جرسیوں میں استعمال ہونے والے رنگ اور دیگر مواد، خصوصاً بچوں کی جلد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
چیشائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کے تجربات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جعلی جرسیاں اصل مصنوعات کے مقابلے میں کہیں زیادہ آتش گیر ہوتی ہیں اور آگ لگنے کی صورت میں فوری طور پر پگھل جاتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کم قیمت کے باعث ایسی مصنوعات خریدنے والے صارفین غیر قانونی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی مالی معاونت کرتے ہیں، جبکہ ان اشیا کی تیاری میں صحت اور حفاظتی معیارات کا بھی خیال نہیں رکھا جاتا۔