جون میں ریکارڈ جی ایس ٹی کلیکشن حکومت کو 1.94 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی آمدنی
جی ایس ٹی کی اس مضبوط وصولی میں مہنگی درآمدات کا نمایاں کردار رہا
نئی دہلی : اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے تحت مجموعی ریونیو کلیکشن جون میں 13.9 فیصد بڑھ کر 1,94,812 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
جی ایس ٹی کی اس مضبوط وصولی میں مہنگی درآمدات کا نمایاں کردار رہا۔ قدر کے اعتبار سے درآمدات میں اضافے کے باعث درآمدات پر جی ایس ٹی سے حاصل ہونے والی رقم 34.6 فیصد بڑھ کر 60,038 کروڑ روپے ہو گئی۔ گھریلو لین دین پر جی ایس ٹی ریونیو 1,34,774 کروڑ روپے رہا، جو گزشتہ سال جون کے مقابلے میں 6.5 فیصد زیادہ ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، حکومت نے جی ایس ٹی نظام کے تحت مجموعی طور پر 32,436 کروڑ روپے کا ریفنڈ جاری کیا۔ اس طرح خالص جی ایس ٹی وصولی 11.2 فیصد بڑھ کر جون میں 1,62,377 کروڑ روپے رہی۔
گزشتہ ماہ گھریلو تاجروں کو 17,767 کروڑ روپے کے ریفنڈ جاری کیا گیا، یہ سالانہ 42.9 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح درآمد کنندگان کو جاری کیے گئے ریفنڈ میں 15.6 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 14,669 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران جی ایس ٹی وصولی 8.4 فیصد بڑھ کر 6,31,699 کروڑ روپے رہی۔ اس سہ ماہی میں مجموعی طور پر 91,482 کروڑ روپے کے ریفنڈ جاری کیے گئے، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 16.8 فیصد زیادہ ہیں۔ اس طرح سہ ماہی کی خالص محصولات کی وصولی 7.1 فیصد بڑھ کر 5,40,218 کروڑ روپے ہو گئی۔