حیدرآباد

مجلس کا مقصد کانگریس کے ووٹس تقسیم کروانا ہے : جئے رام رمیش

جئے رام رمیش نے کہاکہ ایم آئی ایم پہلے کانگریس کا تعاون حاصل کرتی تھی اور اب وہ بی جے پی کے آکسیجن سلنڈر کا استعمال کررہی ہے۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ ہمارا ملک جمہوری ہے۔ وہ انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔

حیدرآباد: کانگریس کے سینئر قائد جئے رام رمیش نے آج الزام عائد کیا کہ کل ہند مجلس اتحا د المسلمین کانگریس کے ووٹس کاٹنے کے لئے انتخابات میں مقابلہ کرتی ہے۔

 راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے دوران اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ اے آئی ایم آئی ایم کی بی جے پی کے ساتھ سازباز ہے اور اس پارٹی کا کام انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے صرف کانگریس کے ووٹس تقسیم کرنا ہے۔

 کانگریس کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے الزام عائد کیا کہ اے آئی ایم آئی ایم کا مقصد ہی کانگریس کے ووٹس کاٹنا ہے۔ صدر مجلس اتحاد المسلمین اسد الدین اویسی کے طاقتور گڈھ میں کانگریس کی یاترا کے داخل ہونے کے تعلق سے کئے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی پارٹی ہے اور یوپی اے کا حصہ ہے۔

ایم آئی ایم پہلے کانگریس کا تعاون حاصل کرتی تھی اور اب وہ بی جے پی کے آکسیجن سلنڈر کا استعمال کررہی ہے۔جئے رام رمیش نے کہا کہ ہمارا ملک جمہوری ہے۔ وہ انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس ریاست میں انتخابات ہوں اے آئی ایم آئی ایم حصہ لیتی ہے اور کانگریس کے ووٹس تقسیم کروادیتی ہے۔ اس طرح یہ ووٹس کٹوا پارٹی ہے۔