عمران ملک پر بیان بازی، عرفان پٹھان کا پاکستانی بولر کو منہ توڑجواب
پاکستان کے فاسٹ بولر سہیل خان نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ پر عمران ملک کے بارے میں عجیب تبصرہ کیا تھا۔ سہیل نے کہاکہ عمران ایک ہونہار باصلاحیت بولر ہے لیکن ان جیسے بولر پاکستان کے ہوم گراؤنڈ میں بہت عام ہیں۔
بڑودہ: پاکستان کے فاسٹ بولر نے چند روز قبل عمران ملک پر تبصرہ کیا تھا۔ اس پر سابق ہندوستانی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے جواب دیا ہے۔ ایک ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے پٹھان نے کہاکہ ایسے لوگ توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ان باتوں کو نظر انداز کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولر سہیل خان نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ پر عمران ملک کے بارے میں عجیب تبصرہ کیا تھا۔ سہیل نے کہاکہ عمران ایک ہونہار باصلاحیت بولر ہے لیکن ان جیسے بولر پاکستان کے ہوم گراؤنڈ میں بہت عام ہیں۔
اس پر ایک ریٹائرڈ میجر نے ٹویٹ کرکے پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد کا بیان یاد دلایا۔ ہندوستانی فوج کے ریٹائرڈ میجر گورو آریہ نے ٹویٹ کیاکہ پاکستانی کرکٹر نے کہا کہ ہماری ڈومیسٹک کرکٹ عمران ملک جیسے لوگوں سے بھری ہوئی ہے۔
جاوید میانداد نے عرفان پٹھان کے بارے میں بھی کہا تھاکہ ایسے بولر پاکستان کی گلیوں میں نظر آتے ہیں۔ پھر عرفان پاکستان گئے اور پاکستان ٹیم کا بینڈ بجایا۔ اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے سابق ہندوستانی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے کہاکہ میجر صاحب ایسا بیان دیکر انہیں توجہ دے رہے ہیں‘ انہیں نظر انداز کردیں۔
واضح رہے کہ 2004 میں جاوید میانداد نے عرفان پٹھان کے بارے میں کہا تھاکہ عرفان پٹھان جیسے بولر پاکستان کی گلیوں میں پائے جاتے ہیں۔ پٹھان نے اس پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا بلکہ اس کی کارکردگی نے میانداد کی بولتی بند کردی تھی۔ عرفان نے 3 تین ٹسٹ میچوں میں 12 وکٹیں لیکر پاکستانی ٹیم میں خوف پیدا کردیا تھا۔