انٹرٹینمنٹ

سلمان خان جوہی چاولہ سے شادی کرنا چاہتے تھے، یہ شادی کیوں نہیں ہوسکی؟

اب سوشل میڈیا پر سلمان خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جوہی چاولہ سے شادی کرنا چاہتے تھے۔

ممبئی: سلمان خان کی شادی برسوں سے موضوع بحث رہی ہے۔ ایک وقت تھا جب ان کے پرستار چاہتے تھے کہ وہ ازدواجی زندگی بسر کریں لیکن سلمان خان کے مداحوں کی یہ واحد خواہش ہے جو آج تک پوری نہیں ہوسکی ہے۔

متعلقہ خبریں
سلمان خان کی خرابی صحت بگ باس 18 کی میزبانی غیر یقینی
فائرنگ کیس: لارنس بشنوئی کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی کے خلاف لک آوٹ سرکیولر
سلمان خان کو چیف منسٹر شنڈے کا فون
ہند۔پاک مقابلہ میں ٹائیگر کی دھاڑ گونجے گی
کلرس ٹی وی نے ’بگ باس 17‘ کی ابتدائی تاریخ کا اعلان کردیا

دبنگ خان اب بھی بالی ووڈ کے سب سے زیادہ اہل بیچلر ہیں لیکن ماضی میں ایسے مواقع آئے ہیں جب سلمان خان شادی کرنے کے لئے تیار ہوچکے تھے۔ وہ سنگیتا بجلانی سے بھی شادی کرنے والے تھے لیکن ان کا یہ ارادہ مختلف وجوہ کی بنا پورا نہیں ہوسکا۔

اب سوشل میڈیا پر سلمان خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جوہی چاولہ سے شادی کرنا چاہتے تھے۔

ویڈیو ایک پرانے انٹرویو کی ہے جس میں سلمان خان، جوہی چاولہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ وہ انہیں ایک پیاری لڑکی کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے جوہی چاولہ کے والد سے پوچھا تھا کہ کیا وہ ان سے شادی کر سکتے ہیں لیکن جوہی کے والد نے انہیں ریجیکٹ کر دیا تھا۔

انکار کی وجہ پوچھے جانے پر سلمان خان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتے، شاید وہ جوہی چاؤلہ کے قابل نہیں تھے۔ اس ویڈیو میں سلمان بہت شرمیلے دکھائی دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جوہی چاولہ نے 1995 میں جے مہتا سے شادی کی تھی اور اب وہ دو بچوں کی ماں ہیں۔ وہ اب فلموں سے دور ہیں جبکہ سلمان خان ہنوز بالی ووڈ انڈسٹری کے سب سے مصروف اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ ان کی ایک فلم کسی کا بھائی کسی کی جان جلد آرہی ہے اور پھر ٹائیگر 3 ریلیز ہوگی۔

حال ہی میں سورج برجاتیہ نے بھی سلمان خان کے ساتھ نئی فلم کا اعلان کیا ہے۔ اس فلم کا نام پریم کی شادی ہے اور وہ دیوالی 2023 کو ریلیز ہوسکتی ہے۔ سلمان خان حال ہی میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم پٹھان میں نظر آئے تھے۔