تلنگانہ: 12 سالہ گوردھن سائی نامی لڑکا بجلی کا جھٹکہ لگنے سے ہلاک
تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع کے بانسواڑہ منڈل کے ابراہیم پیٹ گاوں میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں مقامی سرکاری اسکول میں آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم 12 سالہ گوردھن سائی نامی لڑکا بجلی کا جھٹکہ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع کے بانسواڑہ منڈل کے ابراہیم پیٹ گاوں میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں مقامی سرکاری اسکول میں آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم 12 سالہ گوردھن سائی نامی لڑکا بجلی کا جھٹکہ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق گوردھن سائی کے گھر کے سامنے ٹین کا ایک شیڈ موجود تھا، جس کے ساتھ سروس وائر لپٹی ہوئی تھی۔
گزشتہ دو تین دنوں سے جاری بارش اور تیز ہوا کے باعث بجلی کا یہ تار ٹوٹ کر سپورٹ پائپ سے ٹکرا گیا، جس سے پورے پائپ میں بجلی دوڑ گئی۔
معصوم گوردھن سائی جیسے ہی اس پائپ کو ہاتھ لگایا، اسے شدید بجلی کا جھٹکا لگا اور وہ زمین پر گر پڑا۔
اس کی ماں بیٹے کو بچانے کی کوشش میں آگے بڑھی تو اسے بھی شاک لگا، جس سے وہ بھی گر پڑی۔ گوردھن موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے جانچ کا آغاز کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ گوردھن کا باپ سائیلو روزگار کی تلاش میں ملیشیا میں مقیم ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔