کھیل

راشد خان نے مچائی تباہی، چھ وکٹیں لے کر افغانستان کو شاندار فتح دلا دی

آئرلینڈ کی پوری ٹیم 33.4 اوورز میں 207 رن پر آل آؤٹ ہوگئی اور افغانستان نے 92 رن سے کامیابی حاصل کی۔

بریڈی :   ابراہیم زدران کے 84 رن اور راشد خان کی شاندار گیندبازی کی بدولت افغانستان نے بارش سے متاثرہ دوسرے ایک روزہ میچ میں آئرلینڈ کو 92 رن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کرلی۔

بریڈی کرکٹ کلب میں جمعہ کو کھیلے گئے مقابلے میں خراب موسم کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 47 اوورز فی ٹیم تک محدود کردیا گیا۔ آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ افغانستان نے ابراہیم زدران کی قیادت میں آٹھ وکٹ پر 299 رن بنائے۔

افغانستان کی شروعات اچھی رہی۔ رحمان اللہ گرباز کے آؤٹ ہونے کے بعد صدیق اللہ اٹل اور ابراہیم زدران نے اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان 116 رن کی اہم شراکت ہوئی۔ اٹل کے آؤٹ ہونے کے بعد ابراہیم نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور 52 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ کپتان ابراہیم 84 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ رحمت شاہ نے 43 رن کی شراکت میں اہم کردار ادا کیا۔ آخر میں حشمت اللہ شاہدی نے صرف 21 گیندوں پر 36 رن کی تیز اننگز کھیل کر افغانستان کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔

300 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئرلینڈ نے پال اسٹرلنگ کی جلد وکٹ گنوانے کے باوجود اچھی شروعات کی اور پاور پلے میں افغانستان کے اسکور کی برابری کی۔ اینڈی بالبرنی نے عمدہ بلے بازی کی، جبکہ کیڈ کارمائیکل نے صرف اپنے چوتھے ون ڈے میں 44 گیندوں پر پہلی نصف سنچری مکمل کی۔

تاہم راشد خان نے یکے بعد دیگرے اینڈی بالبرنی اور ہیری ٹیکٹر کو آؤٹ کرکے آئرلینڈ کی رفتار پر بریک لگا دی۔ لورکن ٹکر اور کارمائیکل نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن ٹکر رن آؤٹ ہوگئے اور اگلے ہی اوور میں کارمائیکل بھی پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت آئرلینڈ کا اسکور پانچ وکٹ پر 152 رن تھا۔

اس کے بعد بین کیلٹز اور کرٹس کیمفر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تین اوورز میں 41 رن جوڑے، لیکن راشد نے کیلٹز کو بولڈ کرکے یہ شراکت توڑ دی۔ اس کے بعد آئرلینڈ کی اننگز تیزی سے بکھر گئی اور ٹیم نے صرف نو رن کے اضافے پر آخری چار وکٹیں گنوا دیں۔ راشد نے ان میں سے تین وکٹیں حاصل کیں اور 34 رن دے کر چھ وکٹوں کے شاندار اعداد و شمار کے ساتھ میچ ختم کیا۔

آئرلینڈ کی پوری ٹیم 33.4 اوورز میں 207 رن پر آل آؤٹ ہوگئی اور افغانستان نے 92 رن سے کامیابی حاصل کی۔

بارش کے باعث پہلا ون ڈے ٹاس کے بغیر ہی منسوخ ہوگیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اگلا ایک روزہ میچ پیر کو بیلفاسٹ کے سول سروس کرکٹ کلب میں کھیلا جائے گا۔