ساورکر نے ایک مسلمان کے ساتھ مارپیٹ پرخوشی ظاہر کی تھی: راہول گاندھی
راہول گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ساورکر نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ ایک مرتبہ اس نے اور اس کے دوستوں نے ایک مسلمان کو مارا پیٹا تھا اور اُس دن انہیں بڑی خوشی ہوئی تھی۔
لندن: بی جے پی پر پھر تنقید کرتے ہوئے کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا ہے کہ برسراقتدار جماعت ”نفرت اور تشدد کی آئیڈیالوجی“ پر عمل پیرا ہے۔ اس کی آئیڈیالوجی میں ”بزدلی“ ہے۔
راہول گاندھی نے اتوار کے دن لندن میں انڈین اوورسیز کانگریس(آئی او سی) یو کے چیاپٹر کے زیراہتمام ایک تقریب میں ہندوستانی تارکین وطن سے بات چیت میں یہ ریمارکس وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کے حوالہ سے کئے۔
52 سالہ سابق صدر کانگریس نے کہا کہ بی جے پی کی آئیڈیالوجی نفرت اور تشدد کی آئیڈیالوجی ہے‘ ایک بے توقیر آئیڈیالوجی جو عوام پر ان کے آئیڈیاز کی وجہ سے حملہ آور ہوتی ہے۔
آپ نے ایک چیز ضرور نوٹ کی ہوگی کہ یہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی فطرت میں ہے۔ آپ نے وزیر خارجہ کا بیان نوٹ کیا ہوگا جنہوں نے کہا تھا کہ چین ہم سے بہت زیادہ طاقتور ہے۔ چین کو ہم سے بہت زیادہ طاقتور سوچ کر میں اس سے کیسے لڑسکتا ہوں۔
بی جے پی کی آئیڈیالوجی میں بزدلی ہے۔ وزیرخارجہ ایس جئے شنکر نے ایک انٹرویو میں چین کو ہندوستان سے بہت زیادہ طاقتور قراردیا تھا۔
راہول گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ساورکر نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ ایک مرتبہ اس نے اور اس کے دوستوں نے ایک مسلمان کو مارا پیٹا تھا اور اُس دن انہیں بڑی خوشی ہوئی تھی۔
راہول گاندھی نے کہا کہ 5 آدمی ایک شخص کو ماریں اور ایک شخص خوشی محسوس کرے تو پھر یہ تو بزدلی ہی ہوئی۔ اگر آپ کو لڑنا ہے تو اکیلے لڑیں۔ راہول گاندھی کا دورہ ئ برطانیہ جاریہ ہفتہ ختم ہوجائے گا۔