تلنگانہ

پڑوسی ریاست کے مواضعات، تلنگانہ میں انضمام کے خواہاں: کے سی آر

چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام ان کی پارٹی بی آر ایس کا شاندار خیر مقدم کررہے ہیں اور پڑوسی ریاست کے بعض سرپنچ یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کی حکومت یا تو ان کے مواضعات کو تلنگانہ میں ضم کردے یا پھر جنوبی ہند کی ریاست میں فراہم کی جارہی فلاحی اسکیمات کو نافذ کرے۔

حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام ان کی پارٹی بی آر ایس کا شاندار خیر مقدم کررہے ہیں اور پڑوسی ریاست کے بعض سرپنچ یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کی حکومت یا تو ان کے مواضعات کو تلنگانہ میں ضم کردے یا پھر جنوبی ہند کی ریاست میں فراہم کی جارہی فلاحی اسکیمات کو نافذ کرے۔

وہ ضلع آصف آباد کے کمرم بھیم میں انٹیگریٹیڈ ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ کا رسمی افتتاح کرنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔

چندر شیکھر راؤ نے دعوی کیا کہ مہارشٹرا کے بعض سرحدی مواضعات کے سرپنچ‘ یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کی حکومت یا تو ان کو تلنگانہ میں ضم کردے یا پھر تلنگانہ کی اسکیمات نافد کرے۔

کانگریس کے اس موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہ وہ بر سر اقتدار آنے پر دھرانی کو منسوخ کردے گی‘ راؤ نے کہا کہ دھرانی کی تنسیخ درمیانی افراد کو دوبارہ اس سسٹم میں لے آئے گی۔ قبل ازیں راؤ نے پوڈو کا آغاز کیا اور استفادہ کنندگان میں اراضی کے دستاویزات تقسیم کئے۔