تلنگانہ کے ضلع سدی پیٹ میں تیندوے کی موجودگی سے سنسنی
اطلاعات کے مطابق جنگاپلّی، الماس پور، ویراریڈی پلی، دولت آباد، گاجول پلی اور دومماٹ جیسے دیہاتوں میں تیندوے کی موجودگی دیکھنے میں آئی ہے جس کی وجہ سے مقامی کسانوں اور دیہی عوام میں خوف و ہراس دیکھاگیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع سدی پیٹ کے مختلف دیہاتوں میں تیندوے کی نقل و حرکت سے زبردست سنسنی پھیل گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جنگاپلّی، الماس پور، ویراریڈی پلی، دولت آباد، گاجول پلی اور دومماٹ جیسے دیہاتوں میں تیندوے کی موجودگی دیکھنے میں آئی ہے جس کی وجہ سے مقامی کسانوں اور دیہی عوام میں خوف و ہراس دیکھاگیا۔
کسانوں کی جانب سے تیندوے کی نقل و حرکت سے متعلق اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات کے عہدیدار فوری طور پر چوکس ہو گئے اور مقام پر پہنچ کر جانور کے پنجوں کے نشانات کا معائنہ کیا۔
دبباکا رینج بیٹ آفیسر مدھوبالا نے بتایا کہ ان دیہاتوں کی حدود میں نگران کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ تیندوے کی موجودگی کی باضابطہ تصدیق ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ کیمروں سے حاصل ہونے والی تصویری شواہد کی بنیاد پر ہی سرکاری طور پر تیندوے کی نقل و حرکت کا اعلان کیا جائے گا۔
محکمہ جنگلات کی جانب سے کسانوں اور مقامی عوام کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تنہا کھیتوں یا جنگلات کی جانب نہ جائیں اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔