مشرق وسطیٰ

سعودی عرب میں متعدد اہم فلکیاتی مظاہر دیکھے جائیں گے

اس دوران فی گھنٹہ تقریباً 100 شہابیے آسمان پر نمودار ہونے کا امکان ہے، جو مملکت کے تاریک علاقوں میں زیادہ واضح دکھائی دیں گے۔

جدہ : جدہ کی فلکیاتی سوسائٹی نے کہا ہے کہ اگست کے دوران سعودی عرب کے آسمان پر متعدد اہم فلکیاتی مظاہر دیکھنے کو ملیں گے، جن میں شہابیوں کی سالانہ بارش اور جزوی چاند گرہن شامل ہیں، جبکہ 12 اگست کو ہونے والا مکمل سورج گرہن مملکت میں نظر نہیں آئے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فلکیاتی سوسائٹی نے بتایا کہ 12 اگست کو مکمل سورج گرہن ہوگا، تاہم اس کا مشاہدہ سعودی عرب میں ممکن نہیں ہوگا۔ یہ گرہن روس، گرین لینڈ، آئس لینڈ اور اسپین کے بعض علاقوں میں دیکھا جا سکے گا۔

سوسائٹی نے بتایا کہ سعودی عرب میں اگلا نمایاں مکمل کسوف آفتاب 2 اگست 2027 کو ہوگا، جو تقریباً چھ منٹ تک دیکھا جا سکے گا۔

فلکیاتی ماہرین کے مطابق 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب نئے چاند کی وجہ سے آسمان انتہائی تاریک ہوگا، جس کے باعث شہابیوں کی سالانہ بارش کا بہترین منظر دیکھنے کا موقع ملے گا۔ اس دوران فی گھنٹہ تقریباً 100 شہابیے آسمان پر نمودار ہونے کا امکان ہے، جو مملکت کے تاریک علاقوں میں زیادہ واضح دکھائی دیں گے۔

بیان کے مطابق اگست کے اختتام پر 27 اور 28 اگست کی درمیانی شب جزوی چاند گرہن بھی ہوگا، جس کے دوران چاند کا تقریباً 93 فیصد حصہ زمین کے سائے میں چلا جائے گا۔