سوشیل میڈیاشمالی بھارت

رام مندر کی تعمیر کے بعد خون خرابہ تو کیا، ایک مچھر بھی نہیں مرے گا: یوگی

آدتیہ ناتھ نے رام مندر کے تئیں جذبات کو ابھارتے ہوئے کہا ”سومناتھ مندر پر آشیرواد حاصل کرتے ہوئے 1990 ء میں ایودھیاں کی سمت یاترا شروع کی گئی۔ عوام کہا کرتے تھے کہ اگر رام مندر تعمیر ہوجاتی ہے تو خون خرابہ ہوگا۔ میں کہتا ہوں کہ ایک مچھر بھی نہیں مرے گا۔“

حیدرآباد: چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو سومنات اور امریلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے انتخابی مہم چلاتے ہوئے سومناتھ مندر کی تعمیر نو کی مخالفت کرتے ہوئے مسلمانوں کی خوشنودی حاصل کرنے پر کانگریس کی مخالفت کی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ و چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو ’دہشت گردی کا حقیقی ہمدرد“ قرار دیا۔

تینوں عوامی خطابات میں ان کا مرکزی خیال قومی سلامتی اور ایودھیا میں رام مندر سے وابستہ فخر پر محیط رہا جو ان کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے بحال کیا ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کو ووٹ نہ دیں اور اترپردیش میں اپنی طرز حکمرانی کی خود ستائی کی اور کہا کہ ’پیشہ ور بلوائی، غنڈے اور مجرمین جو کانگریس اور ان کی حلیف پارٹیوں کی سرپرستی میں پھلے پھولے تھے اترپردیش میں ڈھادئیے گئے اورریاست کو فسادات سے پاک کردیا گیا۔

آدتیہ ناتھ نے رام مندر کے تئیں جذبات کو ابھارتے ہوئے کہا ”سومناتھ مندر پر آشیرواد حاصل کرتے ہوئے 1990 ء میں ایودھیاں کی سمت یاترا شروع کی گئی۔ عوام کہا کرتے تھے کہ اگر رام مندر تعمیر ہوجاتی ہے تو خون خرابہ ہوگا۔ میں کہتا ہوں کہ ایک مچھر بھی نہیں مرے گا۔“

انہوں نے کہا کہ اب اترپردیش میں فسادات نہیں ہوں گے۔ پیشہ ور بلوائی، غنڈے اور مجرمین جنہیں کانگریس اور اس کی حلیف پارٹیوں کی سرپرستی حاصل تھی اور جو غریبوں اور تاجرین کو کچلا کرتے تھے انہیں کچل دیا گیا ہے۔ بھاؤنگرکے گریادھر میں آدتیہ ناتھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے تحت بہتر ہوئی قومی سلامتی کے بارے میں اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ قبل ازیں ہر دوسرے دن حملے ہوا کرتے تھے۔ جب مودی گجرات کے چیف منسٹر بنے، ہمیشہ کے لئے کرفیو اور فسادات ختم ہوگئے۔ جب وہ وزیر اعظم بنے تو دہشت گرد حملے یکلخت رک گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت کا ثقافتی ورثے کا احترام ہورہا ہے اور وہ ایک نئی بلندی پر پہنچا ہے۔

سردار (ولبھ بھائی) پٹیل کا کیواڈیا میں دنیا کا سب سے بلند مجسمہ نصب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ان کی تکریم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی سردار صاحب کو اعزاز نہیں بخشا۔ جب سردار صاحب سومناتھ مندر کو بحال کرنا چاہتے تھے تو کانگریس نے اس کی مخالفت کی۔

پنڈت جواہرلال نہرو نے بھی اس کی مخالفت کی تھی۔ مسلم ووٹ بینک کی خاطر کانگریس کبھی نہیں چاہی کہ آپ کے عقیدہ کا احترام کیا جائے لیکن سردار صاحب نے یہاں عہد کیا تھا کہ ایک آزاد ہند ظلم کی علامات کو قبول نہیں کرے گا اور سومناتھ مندر کی تعمیر نو کے کام کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے کجریوال پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے حقیقی ہمدرد ہیں۔ انہوں نے ایودھیا میں رام مندر کی مخالفت کی اور جب بھارتی فوج نے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کیا تو انہوں نے ہمارے بہادر فوجیوں سے ثبوت طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنا ووٹ ان پر ضائع نہ کریں جو بدعنوان ہیں اور دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں۔