حیدرآبادسوشیل میڈیا

گوشہ محل میں اچانک سڑک دھنس جانے سے کئی لوگ زخمی، گاڑیوں کو نقصان

اچانک سڑک کا ایک حصہ پھٹ کر زمین میں دھنس گیا جس کے نتیجہ میں وہاں سڑک پر لگائی گئی سبزی کی دکانات ڈھہہ گئیں اور چند کاریں بھی سڑک کے ساتھ زمین دوز ہوگئیں۔

حیدرآباد: شہر کے علاقہ گوشہ محل کے چاکنہ واڑی میں ایاک نالہ کے کنارے دکانداروں، خریداروں اور عام لوگوں کو اس وقت تکلیف دہ صورتحال کاسامنا رہا جب اچانک سڑک کا ایک حصہ پھٹ کر زمین میں دھنس گیا جس کے نتیجہ میں وہاں سڑک پر لگائی گئی سبزی کی دکانات ڈھہہ گئیں اور چند کاریں بھی سڑک کے ساتھ زمین دوز ہوگئیں۔

دستیاب معلومات کے مطابق اس جگہ پر ایک عارضی بازار قائم کیا گیا تھا جس میں کچھ سبزی فروشوں نے سڑک کے اس حصے پر اپنے اسٹال لگا رکھے تھے۔ اس واقعہ میں کچھ لوگوں کے زخمی ہونے کے علاوہ کچھ کاروں، آٹوز اور بائیکس کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اس واقعہ کے ساتھ ہی اردگرد کافی ہجوم جمع ہوگیا اور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے عہدیداروں نے بتایا کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ سڑک کا وہ حصہ کس وجہ سے دھنس گیا؟