حیدرآباد

گروپII امتحان کو نومبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے بعد چیف سکریٹری اے شانتی کماری نے صدرنشین ٹی ایس پی ایس سی جناردھن ریڈی سے تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا۔

حیدرآباد: امیدواروں کی جانب سے گروپ۔II امتحان ملتوی کرنے کے مطالبہ پر ریاستی حکومت نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امتحان کو نومبر تک ملتوی کرنے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرس کے تقررات، اعلامیہ جاری۔اہل افراد سے درخواستیں مطلوب
عمران ملک پر بیان بازی، عرفان پٹھان کا پاکستانی بولر کو منہ توڑجواب

موجودہ طور پر اقامتی تعلیمی اداروں میں مختلف عہدوں پر تقررات کیلئے امتحانات جاری ہیں اور ان امتحانات میں شرکت کررہے امیدواروں کی جانب سے گروپIIامتحان کی تیاری کیلئے مناسب وقت دینے اور گروپIIامتحان کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

 گذشتہ دنوں منعقدہ اسمبلی کے مانسون اجلاس میں بھی عوامی نمائندوں خاص کر اپوزیشن قائدین نے گروپII امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس مسئلہ پر ہمدردانہ طور پر غور کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیف سکریٹری اے شانتی کماری کو ٹی ایس پی ایس سی کے عہدیداروں سے بات کرنے کی ہدایت دی تھی۔

 واضح طور پر امتحان کو ری شیڈول کرنے اور کسی ایک بھی امیدوار کو نقصان نہ ہونے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے بعد چیف سکریٹری اے شانتی کماری نے صدرنشین ٹی ایس پی ایس سی جناردھن ریڈی سے تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا۔

اطلاعات کے مطابق گروپII امتحان کو نومبر میں منعقد کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس ضمن میں آئندہ دو دنوں میں اعلان کیا جائے گا۔ ٹی ایس پی ایس سی  کے اراکین عاملہ کے اجلاس کے بعد امتحانات کو نومبر تک ملتوی کئے جانے کے فیصلہ کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ حکومت کی جانب سے گروپII زمرہ کے تحت18 محکموں میں 783 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔ 783 عہدوں کیلئے5,51943 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھیں 29 اور30 اگست کو امتحان منعقد شدنی تھے۔

دوسری طرف بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور مائنا ریٹیز ریسیڈنشیل انسٹیٹیوشنس میں ٹی جی ٹی، پی جی ٹی، جئے ایل ڈی ایل لائبریرینس، فزیکل ڈائرکٹر اور دیگر عہدوں پر تقررات کے لئے تلنگانہ ریسیڈنشیل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے9210 عہدوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔

 ان عہدوں کیلئے2,63,043 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھیں۔ یکم اگست سے اہلیتی امتحانات کا آغاز ہوا جو 23/ اگست تک جاری رہیں گے۔ گروگل اور گروپII امتحانات میں شرکت کررہے امیدواروں کی جانب سے گروپII امتحانات کیلئے بہتر تیاری کیلئے امتحانات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا جارہاتھا۔

ان امیدواروں کے مطالبہ پر چیف منسٹر نے ہمدردانہ غور وخوص کرتے ہوئے چیف سکریٹری اور صدرنشین ٹی ایس پی ایس سی کو امتحانات ری شیڈول کرنے کی ہدایت دی تھی۔

ان کی ہدایت پر چیف  سکریٹری شانتی کماری اور صدرنشین ٹی ایس پی ایس سی جناردھن ریڈی نے ملاقات کرتے ہوئے لاکھوں امیدواروں کو بغیر کسی پریشانی کے امتحان تحریر کرنے کا موقع فراہم کرنے اور امتحان کیلئے مناسب تیاری کیلئے وقت فراہم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔ اطلاع کے مطابق گروپII امتحان کو نومبر تک کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔

a3w
a3w