دہلی میں ایسی انتخابی مہم کبھی بھی نہیں دیکھی گئی، گاڑی پر حملہ کے بعد اروند کجریوال کا ردعمل
کجریوال نے بی جے پی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ دہلی والوں نے ایسی مہم اور ایسا تشدد کبھی بھی نہیں دیکھا کہ ایک سابق چیف منسٹر پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی گئی ہو۔
نئی دہلی: انتخابی مہم کے دوران گاڑی پر مبینہ حملہ کے ایک دن بعد عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے اتوار کے دن کہا کہ اُن کا جیون دیش کے لئے سمرپت ہے یعنی اُن کی زندگی ملک کے لئے وقف ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہلی میں ایسی انتخابی مہم کبھی بھی نہیں دیکھی گئی جس کے دوران ایک سابق چیف منسٹر پر ”قاتلانہ حملہ“ کیا گیا ہو۔
عام آدمی پارٹی کا الزام ہے کہ حلقہ نئی دہلی کے بی جے پی امیدوار پرویش ورما کے ”غنڈوں“ نے ہفتہ کے دن حلقہ میں انتخابی مہم چلانے کے دوران کجریوال پر حملہ کیا۔ کجریوال نے بی جے پی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ دہلی والوں نے ایسی مہم اور ایسا تشدد کبھی بھی نہیں دیکھا کہ ایک سابق چیف منسٹر پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی گئی ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کی انتخابی مہم کا طریقہ ہے کیونکہ وہ بری طرح ہار رہی ہے۔ انہوں نے پرویش ورما کے اِس دعوے کا بھی مذاق اڑایا کہ کجریوال حلقہ نئی دہلی سے 20ہزار ووٹوں سے ہارنے والے ہیں۔ عام آدمی پارٹی سربراہ نے میڈیا سے کہا کہ پرویش ورما کو چند دن خواب دیکھنے دیجئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ وزیراعظم کو سرکاری ملازمین کے لئے ہاؤزنگ اسکیم کے تعلق سے لکھ چکے ہیں۔ مرکز اگر زمین دے تو حکومت ِ دہلی مکانات تعمیر کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اِس اسکیم کی شروعات صفائی کرمچاریوں سے ہوسکتی ہے۔ بعد میں دیگر سرکاری ملازمین کو آسان شرائط پر مکانات فراہم کئے جاسکتے ہیں۔