کرناٹک

”نجات“ پانے لڑکی کی فلمی انداز میں خود سوزی

ذرائع نے کہا کہ جس طرح فلم کے مرکزی کردار کو خودسوزی کے بعد نجات ملی، رینوکا نے بھی گاؤں کے نواحی علاقہ میں اپنے جسم پر تقریباً20لیٹر پٹرول چھڑ ک کر وہی کام کرنے کی کوشش کی۔

بنگلورو: تلگو ڈراؤنی فلم ”اروندھتی“ میں ”نجات“ کی طرح خودسوزی کرنے والی ایک لڑکی نے یہاں ایک سرکاری اسپتال میں دم توڑدیا۔ لڑکی کے ارکان خاندان نے یہ اطلاع دی۔

ٹمکورو ضلع کے مدھو گیری تعلقہ کے ایک گاؤں کی23سالہ رینوکا پرساد نے تقریباً دو درجن بار یہ فلم دیکھی تھی۔ اس کے والدین ایسا کرنے سے روکتے تھے لیکن اس نے کبھی ان کے مشورہ پر توجہ نہیں دی۔

لڑکی نے 12 ویں جماعت کی تعلیم درمیان میں ہی ترک کردی تھی۔ ذرائع نے کہا کہ جس طرح فلم کے مرکزی کردار کو خودسوزی کے بعد نجات ملی، رینوکا نے بھی گاؤں کے نواحی علاقہ میں اپنے جسم پر تقریباً20لیٹر پٹرول چھڑ ک کر وہی کام کرنے کی کوشش کی۔

کچھ راہ گیروں نے آگ کے شعلوں میں گھری لڑکی کو قریبی اسپتال میں شریک کرایا۔ بعد میں لڑکی کو یہاں وکٹوریا اسپتال لایا گیا جہاں چہارشنبہ کو اس کی موت ہوگئی۔

لڑکی نے مبینہ طور پر ایک ویڈیو بھی بنایا جس میں اس نے والد سے کہا کہ خودسوزی کرنے کے بعد اسے ”نجات“ ملے گی۔