دہلی

بی جے پی نے ہمارے 4 ارکان کو فی کس 20کروڑ کی پیشکش کی: عام آدمی پارٹی

عام آدمی پارٹی نے چہارشنبہ کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے دہلی میں اس کے 4 ارکان اسمبلی سے رابطہ پیدا کیا اور ان سے کہا کہ وہ وفاداری بدل کر بھگوا جماعت میں شامل ہوجائیں ورنہ انہیں سی بی آئی اور ای ڈی کے جھوٹے کیسس کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے چہارشنبہ کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے دہلی میں اس کے 4 ارکان اسمبلی سے رابطہ پیدا کیا اور ان سے کہا کہ وہ وفاداری بدل کر بھگوا جماعت میں شامل ہوجائیں ورنہ انہیں سی بی آئی اور ای ڈی کے جھوٹے کیسس کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں عام آدمی پارٹی کے قومی ترجمان اور رکن راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے کہا کہ ارکان اسمبلی اجئے دت‘ سنجیو جھا‘ سومناتھ بھارتی اور کلدیپ کمار سے بی جے پی قائدین نے رابطہ کیا۔ ٹویٹر پر دہلی کے چیف منسٹراور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے کہا کہ یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے۔

سنجے سنگھ نے کہا کہ ان کی پارٹی کے 4 ارکان اسمبلی کو بی جے پی میں شامل ہونے کے لئے فی کس 20کروڑ روپے اور دیگر ارکان اسمبلی کو ساتھ لانے پر 25 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی گئی۔ بی جے پی والوں نے ہمارے ارکان اسمبلی سے کہا کہ پیشکش قبول نہ کی گئی تو انہیں سی بی آئی اور ای ڈی کے جھوٹے کیسس کا سامنا کرنا پڑے گا جیسا کہ منیش سسوڈیہ کررہے ہیں۔

سنجے سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ کسی نہ کسی طرح عام آدمی پارٹی ارکا ن اسمبلی کو بی جے پی میں لانے اور کجریوال حکومت گرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس کے لئے تحقیقاتی ایجنسیوں کا بے جا استعمال ہورہا ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ مودی جی آپ کو شرم آنی چاہئے۔

انہوں نے وزیراعظم سے کہاکہ وہ ایسی حرکتیں چھوڑکر بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں۔ عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو نہ تو دھمکایا جاسکتا ہے اور نہ ہی پیسہ دے کر ان کی وفاداریاں تبدیل کرائی جاسکتی ہیں کیونکہ یہ لوگ ایک تحریک سے آئے ہیں۔

سنجے سنگھ‘ انا ہزارے کی مخالف کرپشن تحریک (2011) کا حوالہ دے رہے تھے۔بی جے پی والوں نے عام آدمی پارٹی کے جن 4 ارکان اسمبلی سے مبینہ رابطہ کیا وہ پریس کانفرنس میں موجود تھے۔