تلنگانہ میں آئندہ تین دنوں تک موسلادھار بارش کاامکان
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ یہ نظام اس وقت بالاسور سے تقریباً 180 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور آنے والے دنوں میں یہ مغربی بنگال اور بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں کو عبور کر سکتا ہے۔ یہ بھی امکان ہے کہ یہ سسٹم مزید شدت اختیار کر کے طوفان میں تبدیل ہو جائے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں آئندہ دنوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق ریاست کے مختلف اضلاع میں آئندہ تین دنوں تک موسلا دھار بارشیں اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ ان موسمی حالات کے پیش نظر کئی اضلاع میں یلو اور اورنج الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ دو دنوں میں عادل آباد، کمرم بھیم، آصف آباد، منچریال، نرمَل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سرسلہ، کریم نگر، پداپلّی، جئے شنکر بھوپال پلی، ملّگ، یادادری بھونگیر، رنگا ریڈی، حیدرآباد، میڑچل ملکاجگری، وقارآباد، سنگاریڈی، محبوب نگر، ناگرکرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ اور جوگُولامبا گدوال میں تیز آندھی کے ساتھ شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض مقامات پر ہوائیں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔ اسی طرح 2 جون کو بھی رنگا ریڈی، حیدرآباد، میڑچل، وقارآباد، سنگاریڈی، میدک، کاماریڈی، محبوب نگر، ناگر کرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ اور جوگولامبا گدوال کے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش کے ساتھ جھکڑ چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ادھر خلیج بنگال کے شمال مغربی حصے میں بنے ہوئے شدید کم دباؤ کے علاقے کو گردابی طوفان میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ یہ نظام اس وقت بالاسور سے تقریباً 180 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور آنے والے دنوں میں یہ مغربی بنگال اور بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں کو عبور کر سکتا ہے۔ یہ بھی امکان ہے کہ یہ سسٹم مزید شدت اختیار کر کے طوفان میں تبدیل ہو جائے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کھلے مقامات یا درختوں کے نیچے پناہ نہ لیں، برقی آلات کے استعمال میں احتیاط برتیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ مزید اپڈیٹس کے لیے محکمہ موسمیات یا ضلعی حکام سے رابطے میں رہیں۔