ایشیاء

تھائی لینڈ کے مشہور ٹائیگر کنگڈم میں ہندوستانی سیاح پر شیر کا اچانک حملہ (ویڈیو وائرل)

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بھارتی نوجوان ایک زنجیروں میں بندھے شیر کے ساتھ پرسکون انداز میں چل رہا تھا۔ اس کے ساتھ ایک شخص بھی موجود تھا جو غالباً ٹرینر تھا اور ہاتھ میں چھڑی تھامے ہوئے تھا۔

پُکیت (تھائی لینڈ): تھائی لینڈ کے معروف سیاحتی مقام ٹائیگر کنگڈم میں ایک خطرناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک بھارتی سیاح پر شیر نے اچانک حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ تھائی لینڈ کے خوبصورت جزیرے پُکیت میں پیش آیا، جو اپنی سیاحتی سرگرمیوں کے لیے عالمی سطح پر مشہور ہے۔

اس پارک میں سیاحوں کو شیروں کے قریب جا کر انہیں چھونے، کھلانے اور سیلفی لینے کی اجازت دی جاتی ہے، تاہم یہی قربت اس بار خطرناک ثابت ہوئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بھارتی نوجوان ایک زنجیروں میں بندھے شیر کے ساتھ پرسکون انداز میں چل رہا تھا۔ اس کے ساتھ ایک شخص بھی موجود تھا جو غالباً ٹرینر تھا اور ہاتھ میں چھڑی تھامے ہوئے تھا۔

نوجوان شیر کو تھپتھپا کر شاید تصویر کے لیے پوز دے رہا تھا، لیکن اچانک شیر نے غصے میں آکر اس پر حملہ کر دیا۔ یہ حملہ اتنا غیر متوقع تھا کہ وہاں موجود تمام لوگ خوف زدہ ہو گئے۔ خوش قسمتی سے نوجوان کی جان بچ گئی، البتہ وہ زخمی ضرور ہوا۔

اس واقعے کے بعد سیاحتی مقامات پر جنگلی جانوروں کے ساتھ اس قدر قربت کو لے کر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ کیا یہ سرگرمیاں واقعی محفوظ ہیں؟ اور کیا ان مقامات پر مناسب حفاظتی اقدامات موجود ہیں؟

ابھی تک مقامی حکام کی جانب سے اس واقعے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، تاہم متعدد رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پُکیت کے ٹائیگر کنگڈم میں ہی پیش آیا، جہاں اس طرح کی سرگرمیوں کی کھلی اجازت ہے۔