تہاڑ جیل میں کویتا سے ہریش راؤ کی ملاقات
کویتا نے ٹی ہریش راؤ سے ان کے والد و صدر بی آ رایس کے چندر شیکھر راؤ کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں کے سی آر، کولہے کی سرجری کے بعد صحت یاب ہورہے ہیں۔

حیدرآباد: سابق وزیر و بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راو نے آج دہلی کی تہاڑ جیل میں بی آر ایس رکن قانون ساز کونسل کے کویتا سے ملاقات کی۔ انہوں نے کے کویتا سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور کویتا کو تسلی دیتے ہوئے انہوں نے مشورہ دیا کہ انہیں خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کے کویتا جیل سے جلد رہا ہوجائیں گی۔ اطلاع کے مطابق کے کویتا نے ٹی ہریش راؤ سے ان کے والد و صدر بی آ رایس کے چندر شیکھر راؤ کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں کے سی آر، کولہے کی سرجری کے بعد صحت یاب ہورہے ہیں۔
دہلی کی راوس ایونیو کی عدالت نے اکسائز پالیسی اسکام میں ایم ایل سی کویتا کی عدالتی تحویل میں 5جولائی تک توسیع کردی ہے۔ دریں اثناء دہلی ہائی کورٹ نے کویتا کی ضمانت کی عرضی پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔
چندیوم قبل سابق وزراء پی سبیتا اندرا ریڈی اور ستیہ وتی راتھوڑ نے بھی کویتا سے تہاڑ جیل میں ملاقات کی تھی۔ کے سی آر، اپنی دختر کو حوصلہ دینے کیلئے پارٹی قائدین اور خاندان کے افراد کو تہار جیل روانہ کررہے ہیں۔