گورنر کو چانسلری سے ہٹانے کا آرڈیننس راج بھون پہنچ گیا
کیرالا کی سی پی آئی ایم حکومت نے گورنر کو ریاستی یونیورسٹیوں کے چانسلر کے عہدہ سے ہٹانے کا آرڈیننس گورنر کی منظوری کے لئے راج بھون بھیج دیا۔

ترواننت پورم: کیرالا کی سی پی آئی ایم حکومت نے گورنر کو ریاستی یونیورسٹیوں کے چانسلر کے عہدہ سے ہٹانے کا آرڈیننس گورنر کی منظوری کے لئے راج بھون بھیج دیا۔
راج بھون ذرائع نے توثیق کی کہ آرڈیننس راج بھون پہنچ چکا ہے تاہم اسے گورنر کی جلد منظوری کا امکان نہیں ہے کیونکہ گورنر اور ریاستی حکومت کا ٹکراؤ ابھی بھی جاری ہے۔
پی وجین حکومت نے چہارشنبہ کے دن آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کانگریس اور بی جے پی دونوں نے اس کی مخالفت کی۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ ریاستی کابینہ کے اس فیصلہ کا مقصد کیرالا کی جامعات کو ”کمیونسٹ سنٹرس“ میں بدلنا ہے۔
اسی دوران ریاستی وزرا پی راجیو اور وی شیون کٹی نے امید ظاہر کی کہ گورنر بناتاخیر آرڈیننس کو منظوری دے دیں گے۔ انہوں نے عارف محمد خان پر الزام عائد کیا کہ وہ ایسا موقف اختیار کررہے ہیں جس سے نہ صرف شعبہ تعلیم میں بلکہ جنوبی ریاست کی مجموعی ترقی میں اڑچن پیدا ہورہی ہے۔
عارف محمد خان‘ چیف منسٹر کے خلاف جس بھاشا کا استعمال کررہے ہیں وہ ایک اعلیٰ منصب پر فائز شخص کو زیب نہیں دیتی۔ ہر کسی کو دستور کے مطابق کام کرنا چاہئے۔