لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی آچاریہ کے لوک سبھا الیکشن لڑنے کا امکان
کراکٹ لوک سبھا نشست فی الحال جنتادل یو کے مہابلی سنگھ کے پاس ہے جنہوں نے 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں آر جے ڈی قائد کانتی سنگھ کو ہرایا تھا۔

پٹنہ: لالو پرساد یادو کی دوسری بیٹی روہنی آچاریہ توقع ہے کہ بہار کے ضلع روہتاس کی کراکٹ نشست سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گی۔ روہنی آچاریہ اپنے شوہر سمریش سنگھ اور بھائی تیج پرتاپ یادو کے ساتھ ضلع اورنگ آباد کے ہچن بیگھہ اپنے سسرالی مکان آئی ہوئی تھیں۔
اپنے سسر راؤ رن وجئے سنگھ کی شردھانجلی سبھا کے بعد انہوں نے کئی لوگوں سے ملاقات کی جنہوں نے ان سے کہا کہ وہ 2024 کا لوک سبھا الیکشن کراکٹ سے لڑیں۔
روہنی نے جواب میں کہا کہ وہ ایسا کوئی منصوبہ نہیں رکھتیں لیکن لوگوں نے جب یہ کہا کہ کراکٹ سے ان کے منتخب ہونے پر علاقہ مزید ترقی کرے گا تو روہنی نے کہا کہ وہ اپنے ماں پاپ کی ہدایت پر عمل کرتی رہی ہیں لیکن کراکٹ کے عوام اگر چاہیں تو وہ انکار نہیں کریں گی۔
روہنی آچاریہ گزشتہ برس اس وقت مشہور ہوئی تھیں جب انہوں نے اپنا ایک گردہ دے کر لالوپرساد یادو کی جان بچائی تھی۔ کراکٹ لوک سبھا نشست فی الحال جنتادل یو کے مہابلی سنگھ کے پاس ہے جنہوں نے 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں آر جے ڈی قائد کانتی سنگھ کو ہرایا تھا۔ 2014 میں اوپیندر کشواہا نے یہ نشست جیتی تھی اور مرکزی وزیر بنے تھے۔