احمد آباد میں ایرانڈیا طیارہ حادثہ کے تمام 242 مسافر ہلاک
طیارے میں 232 مسافر اور عملے کے 10 ارکان سوار تھے جن میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری شامل تھے۔

احمد آباد: گجرات کے دارالحکومت احمد آباد میں آج دوپہر ایئر انڈیا کا ایک ڈریم لائنر طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 242 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
طیارے میں 232 مسافر اور عملے کے 10 ارکان سوار تھے جن میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری شامل تھے۔
پولیس کمشنر جی ایس مالک نے بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس” کو بتایا کہ حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا۔ ان کے مطابق طیارہ احمد آباد کے میگھنی نگر کے دارپور علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر گر کر تباہ ہوا، اور چونکہ حادثہ گنجان آبادی میں پیش آیا، اس لیے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو اور ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بچاؤ و راحت کا کام شروع کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں دھماکے کی آواز سنائی دی اور طیارے کا ملبہ کئی حصوں میں تقسیم ہو کر مختلف مقامات پر جا گرا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا یا کسی اور وجہ سے۔ شہری ہوابازی حکام اور تحقیقاتی ٹیمیں معاملے کی مکمل جانچ میں مصروف ہیں اور جلد تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی۔
یہ سانحہ پورے ملک کو غمزدہ کر گیا ہے۔ وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ، اور اعلیٰ حکام نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ایئر انڈیا نے ہاٹ لائن نمبر 18005691444 جاری کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ کو مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔