تلنگانہ

خواتین کو بسوں میں مفت سفر کی مخالفت: آٹو ڈرائیورس

شیک ہینڈ تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جے اے سی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کی شدید مخالفت کی۔

حیدرآباد: شیک ہینڈ تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جے اے سی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کی شدید مخالفت کی۔

اس کے بجائے تلنگانہ بھر میں نشہ بندی کا مطالبہ کیا۔ بصورت دیگر آٹو ڈرائیورس نئے سال کے موقع پر یکم جنوری کو آٹو بند منائیں گے۔

کنوینر جے اے سی محمد امان اللہ خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خواتین پر مظالم کو فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے۔ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ریاست بھر میں نشہ بندی کا مطالبہ کررہی ہیں۔ کنوینر نے کہا کہ اگر نشہ بندی کا نفاذ عمل میں لایا جاتا ہے تو خودبخود 80 فیصد جرائم اور سڑک حادثات بند ہوجائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرد افراد حالت نشہ میں اپنی بیویوں کا قتل کررہے ہیں جس کی وجہ سے بچے بے سہارا ہوجاتے ہیں۔