تلنگانہ کے 107 افراد اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے سے محروم۔ الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دے دیا
ریاست تلنگانہ کے 107 افراد اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کے موقع سے محروم ہوگئے کیونکہ مرکزی الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دیا ہے۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے 107 افراد اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کے موقع سے محروم ہوگئے کیونکہ مرکزی الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دیا ہے۔
ان امیدواروں نے گزشتہ انتخابات میں حصہ لیا تھا تاہم انہوں نے امیدواروں کے اخراجات کی تفصیلات جمع نہیں کروائی تھیں جس پر ان کو نااہل قرار دے دیا گیا۔
صرف نظام آباد لوک سبھا حلقہ سے ایسے 68 امیدوار ہیں۔کمیشن نے ان نااہل امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔قانون عوامی نمائندگان کی دفعہ 10کے تحت ان افراد کو نااہل قراردیاگیا ہے۔
انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے اس کے اخراجات کی تفصیلات انتخابی ادارہ کو پیش نہ کرنے پر اس دفعہ کے تحت نااہل قراردینے کا اختیار کمیشن کو ہے۔
ادارہ کی اس فہرست میں لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے والے افراد کی زیادہ تعداد ہے۔ان افراد کی تعداد 72ہے۔ریاست کے 5لوک سبھا حلقوں سے ان افراد نے مقابلہ کیا تھا۔گذشتہ انتخابات میں حلقہ لوک سبھا نظام آباد میں امیدواروں کی بڑی تعداد نے پرچہ نامزدگی داخل کیاتھا۔
ان میں سے 68امیدواروں نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات پیش نہیں کیں جس پر کمیشن نے ان کو نااہل قراردیا ہے۔علاوہ ازیں میدک، محبوب آباد حلقوں سے ایک ایک،نلگنڈہ حلقہ سے دو کونااہل قراردیاگیا ہے۔یہ نااہلی جون2021سے قراردی گئی ہے۔
اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے 35امیدواروں کو بھی کمیشن نے نااہل قراردیا ہے۔پالاکرتی اسمبلی حلقہ سے 6امیدوار نااہل قراردیئے گئے ہیں۔دیورکنڈہ اسمبلی حلقہ سے 5، نلگنڈہ،مُلگ حلقہ سے 4افرادنااہل قراردیئے گئے ہیں۔
اسی طرح مریال گوڑہ سے تین،نکریکل سے دو،جُکل، راماگنڈم، کریم نگر، گجویل، ناگرجناساگر، آلیر، جنگاوں، محبوب آباد،ملکاجگری اوردورناکل اسمبلی حلقوں میں ہر ایک حلقہ سے ایک امیدوار کو نااہل قراردیاگیا ہے۔
جولائی، اگست،ستمبر2021سے ان کونااہل قراردیاگیا ہے۔تین برسوں تک یعنی جولائی، اگست اورستمبر 2024تک یہ افراد انتخابات میں حصہ لینے سے محروم ہوگئے ہیں۔