تلگو فلموں میں تلنگانہ لب ولہجہ کے استعمال پر مسرت کااظہار
ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے تلگو فلموں میں تلنگانہ تہذیب اور لب ولہجہ کو مسلسل استعمال کئے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے تلگو فلموں میں تلنگانہ تہذیب اور لب ولہجہ کو مسلسل استعمال کئے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔
انہوں نے ٹوئٹر پلاٹ فارم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا سہرا ہمارے ہر دل عزیز قائد کے سی آر کے سرجاتا ہے۔ تلنگانہ تہذیب کو نئی زندگی دینے کیلئے کے سی آر کا شکریہ، کے ٹی آر نے کہا کہ ایک وقت تھا جب تلنگانہ کے لب ولہجہ کا مذاق اڑایا جاتا تھا اور آج کا وقت ہے جب اسی لب ولہجہ کی عظمت فلموں میں دکھائی جارہی ہے۔
ایک شخص نے کے ٹی آر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا جناب کے ٹی آر، میں آپ سے دوباتوں کاذکر کرنا چاہوں گا۔ تلنگانہ کا لب ولہجہ فلموں میں اختیار کیا جانا اور عوام کی جانب سے والہانہ پذیرائی حاصل ہونا کافی خوشی کی بات ہے۔ خاص کر فلم بلگم اور دسہرہ، اس کا سہرا کے سی آر کو جاتا ہے۔
دوسری بات یہ کہ میں عمر کے68 ویں سال میں ہوں۔میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ ایسی فلمیں آئیں گی۔ تلگوفلموں میں تلنگانہ والوں کوویلن اور مسخرے بنا کر دکھایا جاتا تھا جس کی وجہ سے میں نے 20سال قبل ہی تھیٹر جانا ترک کردیا۔
کے ٹی آر نے سری راملو نامی شخص سے ان کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرنے کی اجازت طلب کرتے ہوئے تلنگانہ کی تہذیب اور تمدن ولب ولہجہ کو عام فہم بنانے کے لئے کے سی آر کی جانب سے ادا کردہ کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔