نرمی انبیاء کی صفت ہے، اسی سے معاشرہ جوڑتا ہے: مولانا محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
آخر میں مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ نرمی، بردباری اور تحمل کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں تاکہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر ایک پرامن اور اخلاقی معاشرہ قائم ہو سکے۔

حیدرآباد: خطیب و امام مسجد، تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی، حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے اپنے حالیہ خطاب میں اخلاقی اقدار میں نرمی کو اہم ترین صفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نرمی ایک ایسی خوبی ہے جس کے ذریعے انسان نہ صرف اعلیٰ اخلاقی مرتبہ حاصل کرتا ہے بلکہ معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ بھی دیتا ہے۔
مولانا نے کہا کہ نرمی وہ صفت ہے جو دلوں کو جوڑتی ہے اور ایک خوشگوار اور پرامن ماحول قائم کرتی ہے۔ قرآن مجید اور احادیثِ نبویہ میں بھی نرمی کی بے پناہ تاکید کی گئی ہے۔ انہوں نے حضرت موسیٰ اور حضرت ہارون علیہما السلام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ان دونوں انبیاء کو فرعون جیسے سرکش حکمران کے سامنے بھی نرمی کے ساتھ بات کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی صفات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ قرآن مجید میں ان کی نرمی، تحمل اور رجوع الی اللہ کی صفات کو سراہا گیا ہے۔ اسی طرح، نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ میں بھی نرمی اور برداشت نمایاں صفات رہی ہیں۔
مولانا صابر پاشاہ قادری نے متعدد احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نرمی کو ہر معاملے میں پسند فرمایا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ "نرمی جس چیز میں ہو اسے خوبصورت بنا دیتی ہے، اور جس چیز سے نرمی نکال لی جائے وہ بدصورت ہو جاتی ہے۔”
ایک اور حدیث میں نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "اللہ تعالیٰ نرمی پر وہ اجر عطا فرماتا ہے جو سختی پر نہیں دیتا۔” حضرت جریر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "جو شخص نرمی سے محروم ہے، وہ ہر بھلائی سے محروم ہے۔”
انہوں نے کہا کہ غصے سے بچنا، دوسروں کے ساتھ آسانی اور نرمی کا سلوک کرنا، اور دوسروں کو خوش رکھنا ہی اسلامی اخلاقیات کا جوہر ہے۔ نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "آسانی پیدا کرو، تنگی نہ کرو۔ لوگوں کو خوش رکھو اور ان سے نفرت نہ دلاؤ۔”
آخر میں مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ نرمی، بردباری اور تحمل کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں تاکہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر ایک پرامن اور اخلاقی معاشرہ قائم ہو سکے۔