قدیم منڈی میرعالم کو اصلی حالت میں لانے کے اقدامات میں تیزی
شہرحیدرآباد کی قدیم عمارتوں کی تزئین نو اور ان کو اصلی حالت میں واپس لانے کیلئے سرگرم اروند کمار جنہوں نے قبل ازیں کئی تاریخی نوعیت کی سیڑھیوں والی باولیوں کو بھی ان کے اصلی روپ میں واپس لانے کو یقینی بنایا ہے۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد کی قدیم منڈی میرعالم کو اس کی اصلی حالت میں واپس لانے کی سمت اقدامات میں تیزی پیدا کردی گئی ہے کیونکہ اس کے کام کا امکان ہے کہ جلد ہی شروع کردیئے جائیں گے۔
اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم ونسق وشہری ترقی تلنگانہ اروند کمار نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔شہرحیدرآباد کی قدیم عمارتوں کی تزئین نو اور ان کو اصلی حالت میں واپس لانے کیلئے سرگرم اروند کمار جنہوں نے قبل ازیں کئی تاریخی نوعیت کی سیڑھیوں والی باولیوں کو بھی ان کے اصلی روپ میں واپس لانے کو یقینی بنایا ہے۔
اس خصوص میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہاکہ 16.14کروڑروپئے سے اس نظام حیدرآباد کے دور میں تعمیر کردہ قدیم منڈی کو اس کی اصلی حالت میں واپس لایاجائے گا۔
انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ اس منڈی کی قدیم عظمت کی بحالی کے ساتھ ساتھ زیرزمین ڈرینس، پختہ فرش بچھانے اور ایل ای ڈی لائٹس لگانے کا کام کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ٹنڈرس کے ساتھ سی اوٹی کے کام امکان ہے کہ جنوری 2023میں شرو ع ہوں گے۔
تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم ونسق تارک راما راو نے اس ٹوئیٹ کو ری ٹوئیٹ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس پروجیکٹ کے حصہ کے طورپر اس مارکٹ کی خستہ حال کمان کا کام بھی کیاجائے گا۔ ساتھ ہی بلدیہ کی جانب سے اسٹرام واٹر ڈرین، ری ماڈلنگ کے کام بھی انجام دیئے جائیں گے۔
علاوہ ازیں مارکٹ میں ایک بجلی کا ٹرانسفارمر بھی لگایاجائے گا تاکہ بلارکاوٹ بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایاجاسکے۔ مارکٹ کے کئی مقامات پر کچرے دان بھی رکھے جائیں گے۔
یہ تاریخی حیثیت کی منڈی پانچ ایکڑ اراضی پر بنی ہوئی ہے۔اس میں روزانہ تقریبا 300افراد سبزی فروخت کرتے ہیں۔ اس مارکٹ کی بحالی کے کام کے بعد ان افرا د کو ٹین کے شیڈ میں سبزی فروخت کرنا نہیں پڑے گا۔