حیدرآباد

راجہ سنگھ پرپی ڈی ایکٹ کیخلاف ہائی کورٹ میں سماعت

بی جے پی کے معطل قائد رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ پر عائد کردہ پی ڈی ایکٹ کے متعلق تلنگانہ اسٹیٹ ہائی کورٹ میں سماعت عمل میں آئی۔

حیدرآباد: بی جے پی کے معطل قائد رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ پر عائد کردہ پی ڈی ایکٹ کے متعلق تلنگانہ اسٹیٹ ہائی کورٹ میں سماعت عمل میں آئی۔

گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے حکومت کوجوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی مگر حکومت کی جانب سے ابھی تک جوابی حلفنامہ داخل نہیں کیاگیا‘جس پر عدالت نے برہمی ظاہر کی۔

عدالت نے حکومت سے جاننا چاہاکہ چارہفتہ گزرجانے کے بعدبھی جوابی حلفنامہ کیوں داخل نہیں کیاگیا۔حکومت تلنگانہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ابھی پی ڈی ایکٹ اڈوائزری بورڈ کا فیصلہ ہوناباقی ہے اس لئے جوابی حلفنامہ داخل کرنے کے لئے مزید دوہفتوں کا وقت درکارہے۔

عدالت نے حکومت کو 20 اکتوبر تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی اور مزید وقت دینے سے انکار کردیا۔مقدمہ کی اب آئندہ سماعت 20 اکتوبر کو منعقدہوگی۔

یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کے خلاف گستاخانہ کلمات کی ادائیگی کے بعد رونماتنازعہ کے دوران بی جے پی نے راجہ سنگھ کو پارٹی سے معطل کردیا تھا اور پولیس نے ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے گرفتارکرلیاگیا۔