قلعہ گولکنڈہ میں مرکز کی جانب سے یوم تاسیس تلنگانہ کی شاندار تقاریب
کشن ریڈی نے کہا کہ کل گولکنڈہ قلعہ پر ترنگا لہرانے کے علاوہ مسلح افواج کی پریڈ بھی منعقد کی جارہی ہے۔ شنکر مہادیون، ڈاکٹر آنندا شنکر اور دوسرے اپنا پروگرام پیش کریں گے۔

حیدرآباد: مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ کی 10سالہ یوم تاسیس تقاریب کا بڑے پیمانہ پر اہتمام کیاجائے گا جس کیلئے وسیع انتظامات کیے جارہے ہیں۔ آج صبح مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے مرکزی وزارت ثقافت کے زیراہتمام شہر کے تاریخی گولکنڈہ میں ہونے والی تقاریب کے انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے دس سال کے موقع پر یوم تاسیس تقاریب بڑے پیمانہ پرمنائی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ کئی قربانیوں کے بعد ریاست حاصل کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ تقاریب آزادی کا امرت مہوتسو کے حصہ کے طورپر منائی جائیں گی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ کل گولکنڈہ قلعہ پر ترنگا لہرانے کے علاوہ مسلح افواج کی پریڈ بھی منعقد کی جارہی ہے۔ شنکر مہادیون، ڈاکٹر آنندا شنکر اور دوسرے اپنا پروگرام پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ریاست کی تحریک میں بی جے پی کے رول کو اجاگر کرنے کیلئے تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی کے9 سالہ دور اقتدار کے سلسلے میں تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیاجائے گا۔