بتکماں تہوار،”بڑی اورچھوٹی بہنوں کوآپ کے ریونت بھائی کا تحفہ“ کے نام سے ساڑیاں تقسیم کرنے تلنگانہ حکومت کا فیصلہ
اس سال بتکماں تقاریب 21 ستمبر سے ریاست بھر میں شروع ہورہی ہیں۔ اس موقع پر حکومت نے ہر خاتون کو دو دو ساڑیاں دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔گزشتہ حکومت کے دور میں راشن کارڈ رکھنے والی ہر خاتون کو ایک ساڑی دی جاتی تھی۔
حیدرآباد: بتکماں تہوار کے موقع پر خواتین کے لئے تلنگانہ حکومت نے ”اندرا مہیلا شکتی اسکیم“ کے تحت ”بڑی اورچھوٹی بہنوں کوآپ کے ریونت بھائی کا تحفہ“ کے نام سے ساڑیاں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سال بتکماں تقاریب 21 ستمبر سے ریاست بھر میں شروع ہورہی ہیں۔ اس موقع پر حکومت نے ہر خاتون کو دو دو ساڑیاں دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔گزشتہ حکومت کے دور میں راشن کارڈ رکھنے والی ہر خاتون کو ایک ساڑی دی جاتی تھی۔
موجودہ کانگریس حکومت نے اس میں تبدیلی کرتے ہوئے صرف سیلف ہیلپ گروپس کی رکن خواتین کو دو دو ساڑیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لئے میپما ادارہ کے ذریعہ شہری و بلدی حدود میں اور ڈی آر ڈی او کے ذریعہ دیہی علاقوں میں رکن خواتین کی فہرستیں جمع کرنے کے لئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
15 ستمبر تک ساڑیاں متعلقہ اضلاع میں پہنچنے والی ہیں۔ متحدہ محبوب نگر ضلع میں بلدی اداروں اور 19 بلدیات کے حدود میں 1,13,670 خواتین کی سیلف ہیلپ گروپس کی رکن ہیں۔ ان کے لئے 2,27,340 ساڑیاں فراہم کرنے کا آرڈر ہینڈلوم کوآپریٹو سوسائٹی کو دیا جانا ہے۔
محبوب نگر، جوگولامبا گدوال، ونپرتی، نارائن پیٹ اور ناگرکرنول اضلاع میں 3,39,110 خواتین رکن ہیں۔ ان کے لئے 6,78,220 ساڑیاں درکار ہوں گی۔ اس طرح متحدہ ضلع میں مجموعی طور پر 9,05,560 ساڑیاں تقسیم کی جائیں گی۔
یہ تقسیم کاری مکمل طور پر ہینڈلوم کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعہ عمل میں لائی جائے گی تاہم یہ دیکھناہوگا کہ آیا حکومت ایک ہی مرحلہ میں اتنی بڑی تعداد میں ساڑیاں فراہم کرے گی یا پھر بعض کو ابھی اور بقیہ کو دسہرہ تک فراہم کرے گی۔