ملئے، ہندوستان کی پہلی مسلم گرل فائٹر پائلٹ ثانیہ مرزا سے
ثانیہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے فائٹر پائلٹ بننا چاہتی تھیں۔ ثانیہ مرزا کی تحریک کا ذریعہ اونی چترویدی ہیں جو ملک کی پہلی خاتون پائلٹ ہیں۔ شروع سے ہی وہ اونی جیسی بننا چاہتی تھیں۔

نئی دہلی: جب آپ کوئی انتخاب کرتے ہیں تو کائنات اسے انجام تک پہنچانے کی ’’سازش‘‘ کرتی ہے۔ یہ تو شاہ رخ خان کی ایک فلم کا مکالمہ ہے مگر یہاں ہم بات کر رہے ہیں ثانیہ مرزا کی جن کا بچپن کا خواب آج پورا ہوگیا ہے۔
اترپردیش کے مرزا پور میں رہنے والے ایک ٹی وی میکانک کی بیٹی ثانیہ مرزا ہندوستانی فضائیہ (انڈین ایرفورس) میں ملک کی پہلی مسلم گرل فائٹر پائلٹ بننے جا رہی ہیں۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی (این ڈی اے) کے امتحان میں 149 واں رینک حاصل کیا ہے۔
ثانیہ مرزا، مرزاپور کے دیہات کوتوالی تھانہ علاقہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں جسوور کی رہنے والی ہیں۔ انہوں نے پرائمری سے دسویں تک کی تعلیم گاؤں کے پنڈت چنتامنی دوبے انٹر کالج میں مکمل کی۔ اس کے بعد ثانیہ نے مرزا پور کے گرو نانک گرلز انٹر کالج سے 12ویں کا امتحان پاس کیا۔ وہ یوپی کلاس 12 بورڈ امتحان میں ضلع ٹاپر رہی ہیں۔
اس سال 10؍اپریل کو انہوں نے این ڈی اے کے امتحان 2022 میں شرکت کی۔ امتحان کامیاب کرنے کے بعد انہوں نے اپنے انٹرویو کی تیاری کے لئے اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی۔ اطلاعات کے مطابق ثانیہ 27 دسمبر 2022 کو پونے میں این ڈی اے کھڑک واسلا میں شامل ہوں گی۔
ثانیہ مرزا ملک کی دوسری لڑکی ہیں جنہیں فائٹر پائلٹ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
وہ پہلی بار پاس نہ ہوسکی تھیں، پھر دوبارہ امتحان میں شریک ہوئیں۔ ثانیہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے فائٹر پائلٹ بننا چاہتی تھیں۔ ثانیہ مرزا کی تحریک کا ذریعہ اونی چترویدی ہیں جو ملک کی پہلی خاتون پائلٹ ہیں۔ شروع سے ہی وہ اونی جیسی بننا چاہتی تھیں۔
نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) 2022 کے امتحان میں مرد اور خواتین کے لئے جملہ 400 نشستیں تھیں، جن میں خواتین کے لئے 19 نشستیں تھیں۔ ان میں سے دو نشستیں فائٹر پائلٹس کے لئے مختص تھیں۔ ان دو نشستوں میں ثانیہ مرزا نے ایک مقام حاصل کرلیا ہے۔