تلنگانہ

تلنگانہ حکومت نے کسانوں کو نقلی کھاد خریدنے سے خبردار کیا

انہوں نے کسانوں کو ہدایت دی کہ کھاد خریدنے سے پہلے اس پر درج تیار کنندہ کا نام، تیاری اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ، زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) اور خالص وزن جیسی تفصیلات کا اچھی طرح جائزہ لیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ریاست کے بعض اضلاع میں نقلی اور غیر معیاری ڈی اے پی کھاد فروخت کیے جانے کی اطلاعات کے بعد کسانوں کو غیر مجاز فروخت کنندگان سے کھاد نہ خریدنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بی گوپی نے ایک بیان میں کہا کہ کسان صرف لائسنس یافتہ ڈیلروں سے ہی کھاد خریدیں اور خریداری کے وقت لازماً رسید (بل) حاصل کریں۔

انہوں نے کسانوں کو ہدایت دی کہ کھاد خریدنے سے پہلے اس پر درج تیار کنندہ کا نام، تیاری اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ، زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) اور خالص وزن جیسی تفصیلات کا اچھی طرح جائزہ لیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کسان خراب یا مشتبہ بوروں میں موجود کھاد یا غیر معمولی طور پر کم قیمت پر فروخت کی جانے والی کھاد خریدنے سے گریز کریں۔

حکومت نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں نقلی کھاد کی تیاری، ذخیرہ، نقل و حمل یا فروخت سے متعلق کوئی مشتبہ سرگرمی نظر آئے تو اس کی فوری اطلاع محکمہ زراعت کے حکام یا پولیس کو دیں۔