جرائم و حادثات

حیدرآباد اور چنئی میں ای ڈی کے چھاپے، 88.82 لاکھ روپے نقد اور 18 ہزار امریکی ڈالر برآمد

سرکاری بیان کے مطابق ای ڈی کے بنگلورو زونل دفتر نے کیٹامائن کی منظم اور خفیہ تیاری اور اسمگلنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں یہ کارروائی انجام دی۔ کیٹامائن کو این ڈی پی ایس ایکٹ، 1985 کے تحت ذہن پر اثر انداز ہونے والا ممنوعہ نشہ آور مادہ (سائیکوٹروپک مادہ) قرار دیا گیا ہے۔

چنئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کیٹامائن کی اسمگلنگ سے متعلق ایک معاملے میں منی لانڈرنگ انسداد قانون (پی ایم ایل اے)، 2002 کے تحت حیدرآباد اور چنئی کے متعدد مقامات پر چھاپے مار کر 88.82 لاکھ روپے نقد اور 18 ہزار امریکی ڈالر ضبط کیے ہیں۔

سرکاری بیان کے مطابق ای ڈی کے بنگلورو زونل دفتر نے کیٹامائن کی منظم اور خفیہ تیاری اور اسمگلنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں یہ کارروائی انجام دی۔ کیٹامائن کو این ڈی پی ایس ایکٹ، 1985 کے تحت ذہن پر اثر انداز ہونے والا ممنوعہ نشہ آور مادہ (سائیکوٹروپک مادہ) قرار دیا گیا ہے۔

چھاپوں کے دوران 82.82 لاکھ روپے کی بھارتی کرنسی، 18 ہزار امریکی ڈالر کی غیر ملکی کرنسی کے علاوہ متعدد اہم دستاویزات، ڈیجیٹل آلات، موبائل فون، مالیاتی ریکارڈ، کاروباری لین دین کی تفصیلات، جائیداد سے متعلق دستاویزات اور دیگر شواہد بھی برآمد کرکے ضبط کیے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ این ڈی پی ایس ایکٹ، 1985 کے تحت کیٹامائن کا بغیر اجازت قبضہ، خرید و فروخت یا استعمال ایک سنگین فوجداری جرم ہے، جبکہ پی ایم ایل اے، 2002 کے تحت بھی اسے "شیڈیولڈ آفینس” (فہرست میں شامل جرم) قرار دیا گیا ہے۔