مسجد ایکمنارہ اکبری گیٹ لکھنؤ میں دس روزہ تذکرۂ شہداۓ کرام کے چھٹے جلسے کا انعقاد
جلسے کو خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد سفیان نظامی نے کہا کہ حضرت محمّد مصطفٰی ﷺ کی صحبت بہت بڑی چیز ہے۔ اس امّت میں حضرات اہلبیت وصحابۂ کرامؓ کا رتبہ سب سے بڑا ھے۔

لکھنؤ: شھر کی تاریخی یکمنارہ مسجد اکبری گیٹ میں مرکزی جمعۃالحفّاظ کی جانب سے ہونے والے دس روزہ تذکرۂ شہداۓ کرام کا چھٹا جلسہ استاذ الحفّاظ حافظ عبدالرّشید صاحب صدر مرکزی جمعۃالحفّاظ کی سر پر ستی وسیّد محمّد اقبال کے زیر انتظام منعقد ہوا۔
جلسہ کا آغاز مدرسہ عالیہ فرقانیہ چوک کے قاری محمّد یوشع وقاری محمد حسین کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جلسے کو خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد سفیان نظامی نے کہا کہ حضرت محمّد مصطفٰی ﷺ کی صحبت بہت بڑی چیز ہے۔ اس امّت میں حضرات اہلبیت وصحابۂ کرامؓ کا رتبہ سب سے بڑا ھے۔
ایک لمحہ کے لئے بھی جس کو رسول اللہؐ کی صحبت حاصل ہوگئ مابعد والوں میں بڑا سے بڑا بھی اس کے برابر نہیں ہوسکتا۔ مولانا نظامی صاحب نے کہا کہ حضرات صحابۂ کرامؓ واہلبیت عالم انسانیت کے لئے نجوم ہدائت ہیں۔
خصوصاً خلفائے راشدینؓ سیّدنا ابوبکر صدیقؓ سیّدنا فاروق اعظمؓ سیّدنا عثمان غنیؓ سیّدنا علیّ مرتضٰیؓ کا تذکرہ اور ان کے اوصاف وکمالات کا مطالعہ کر نے سے جو عظمت ورفعت رسولؐ خدا کی محبت دل میں پیدا ہوتی ہے وہ ہر گز کسی دوسرے طریقے سے نہیں ہو سکتی۔
ان حضرات کی یاد میں ایمان کی قوّت وتازگی پیدا کرنے کی جو تاثیر ھے اس کو کسی اور چیز میں تلاش کر نا لا حاصل ھے۔
ناظم جلسہ قاری محمّد صدّیق صاحب نائب صدر مرکزی جمعۃالحفّاظ نے کہا کہ رسولؐ نے فرمایا کہ میرے اہلبیت وصحابۂؓ کی شان میں گستاخی مت کرو، ان سے عقیدت اور محبت رکھو، ان کے نقش قدم پر چلو، یہ ایمان کی علامت ھے۔
شعراء کرام جناب عثمان عازم لکھنوی محمّد عرشی خلیل ا ختر شبّو عبدالرّحیم نے نعت ومدح صحابہؓ کا منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ جلسے میں محمّد معروف خاں گہنہ پیلس ذیشان جویلرس عیاض احمد صدّیقی ثنا جویلرس قاری محمّد خالد جمّو حافظ منصور ابوبکر وغیرہ موجود تھے۔
جلسے کا اختتام قاری محمّد صدّیق صاحب کی دعا پر ھوا۔ اراکین مرکزی جمعۃالحفّاظ اکبری گیٹ چوک لکھنؤ نے شکریہ ادا کیا۔