شمالی بھارت

مسجد یکمنارہ لکھنؤ میں دس روزہ تذکرۂ شہدائے کرام کا ساتواں جلسہ بعنوان یوم حمزہؓ کا انعقاد

وہ وحشی حضرت حمزہؓ جو محمّد رسول اللہؐ کے حقیقی چچا تھے، ان کی تاک میں ایک چٹان کی آڑ لے کر بیٹھ گیا۔

لکھنؤ: شہر کی تاریخی یکمنارہ مسجد اکبری گیٹ میں مرکزی جمعۃالحفّاظ کی جانب سے سالہائے گزشتہ کی طرح اس سال بھی دس روزہ تذکرۂ شہداۓ کرام کا ساتواں جلسہ یوم حمزہؓ استاذ الحفّاظ حافظ عبدالرّشید صاحب صدر مرکزی جمعۃالحفّاظ وامام مسجد یکمنارہ کی سر پر ستی وسیّد محمّد اقبال کے زیر انتظام منعقد ہوا۔

متعلقہ خبریں
مسجد یکمنارہ اکبری گیٹ لکھنؤ میں تذکرۂ شہدائے کرام جلسوں کے اختتام پر جلسۂ اظہار تشکّر کا انعقاد
مسجد ایکمنارہ اکبری گیٹ لکھنؤ میں دس روزہ تذکرۂ شہداۓ کرام کے چھٹے جلسے کا انعقاد

جلسہ کا آغاز مدرسہ عالیہ فرقانیہ کے طلباء قاری محمّد تنویر محمّد مبشر کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جلسے کو خطاب کرتے ہوئے ادارۂ دارالمبلّغین پاٹانالہ کے سینئر استاد مولانا قاری محمد صدّیق صاحب امام و خطیب مسجد سبحانیہ پاٹانالہ چوک نے کہا کہ غزوۂ بدر میں قریش کے بڑے بڑے سردار اور نامور بہادر مارے گئے۔

قریش کو اس کا رنج اور غصّہ تھا اور سارا مکّہ گویا جوش انتقام کا تنّور بنا ہوا تھا جس کے بدلے میں غزوۂ احد پیش آیا۔ گھمسان کی لڑائ ہوئی۔ قاری محمّد صدّیق صاحب نے کہا کہ ایک حبشی غلام جس کا نام وحشی تھا، اس سے وعدہ کیا گیا تھا کہ اگر وہ حمزہؓ کا قتل کردے تو اسے آزاد کردیا جاۓ گا۔

وہ وحشی حضرت حمزہؓ جو محمّد رسول اللہؐ کے حقیقی چچا تھے، ان کی تاک میں ایک چٹان کی آڑ لے کر بیٹھ گیا۔ حضرت حمزہؓ برابر سے گزرے کہ اس نے چھوٹا سا نیزہ مارا جس کو حربہ کہا جاتا تھا۔ اس طرح تاک کر پھینکا کہ حضرت حمزہؓ کی ناف میں گڑ کر کمر سے پار ہوگیا۔

حضرت حمزہؓ نے اس پر حملہ کرنا چاہا لیکن لڑ کھڑا کر گر گئے اور روح پرواز کرگئی۔ حضرت حمزہؓ کے سینے کو چاک کر کے کلیجہ چبایا۔ بڑی بے حرمتی کی۔ اللہ کے حبیبؐ نے جب اس حالت میں دیکھا تو فرمایا کہ میرے چچا حضرت حمزہؓ تمام شہیدوں کے سردار ہیں۔

جناب محمد عرشی، خلیل اختر شبّو، محمّد کیف، قاری شاہ احمد، نے نعت ومدح صحابہ کا منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ جلسے میں حاجی حسین، محمّد کلیم، محمّد ابوبکر، عیاض احمد صدّیقی، محمّد الیاس رکن تبلیغی جماعت، شہاب، اظہار، اعجاز، پپّو وغیرہ موجود تھے۔

جلسے کا اختتام قاری محمّد صدّیق صاحب کی دعا پر ہوا۔  اراکین مرکزی جمعۃالحفّاظ اکبری گیٹ چوک لکھنؤ نے شکریہ ادا کیا۔

a3w
a3w