حیدرآباد

سوشل میڈیا پوسٹس کے بعد چنٹل میٹ میں کشیدگی، پولیس الرٹ

حکام نے مقامی افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر افواہوں یا غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور کسی بھی اشتعال انگیز پوسٹ کو آگے شیئر کرنے سے گریز کریں

حیدرآباد : ویرن کنٹہ، چنٹل میٹ میں مسجد محمدیہ کے قریب سوشل میڈیا پر بعض پوسٹ سامنے آنے کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔ صورتحال کے پیش نظر پولیس نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے علاقے میں بھاری پولیس فورس تعینات کردی۔

مسجد کی سلامتی اور علاقے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بہادرپورہ کے رکن اسمبلی محمد مبین اور ایم ایل سی ریاض الحسن افندی نے پولیس عہدیداروں کے ہمراہ متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔ دونوں نے پولیس سے موجودہ صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے مسجد محمدیہ اور اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ حساس مقامات پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام نے مقامی افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر افواہوں یا غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور کسی بھی اشتعال انگیز پوسٹ کو آگے شیئر کرنے سے گریز کریں۔

فی الحال پولیس کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔