سوال:- سگریٹ سے متعلق ایک بات دریافت کرنی ہے اور وہ یہ کہ کسی بھی چیز کے کھانے یا پینے سے پہلے بسم اللہ پڑھنے اور کھانے پینے کے بعد الحمد للہ کہنے کی تلقین کی جاتی ہے، تو کیا سگریٹ ، گٹکھاوغیرہ کھانے پینے سے پہلے بھی بسم اللہ اور کھانے پینے کے بعد الحمد للہ کہنا چاہئے ؟ ( محمد اعجاز الدین، كھمم)
جواب :- جن چیزوں کا کھانا مکروہ ہے، ان کے شروع میں بسم اللہ اور اخیر میں الحمد للہ کہنا مکروہ ہے ؛ کیوںکہ یہ اللہ تعالیٰ کے مبارک نام کے احترام کے خلاف ہے ،
جیساکہ فقہاء نے حصۂ ستر کھلے ہوئے حالت میں یا نجاست اور ناپاکی کی جگہ پر بسم اللہ کہنے کو منع فرمایا ہے ؛ بلکہ خودتمباکو نوشی کے بارے میں بھی صراحت کی ہے کہ اس موقع پر بسم اللہ کہنا مکروہ ہے:
وتکرہ عند کشف العورۃ أو محل النجاسات … وعند شرب الدخان أی ونحو ہ من کل ذی رائحۃ کریھۃ کأکل ثوم وبصل ( ردالمحتار : ۱؍۹)