تلنگانہ

کسی بھی ملک کی ترقی کا دار و مدار تعلیم پر منحصر،طلبہ، تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود اور نظم و ضبط پر توجہ دیں : محمد عبدالقیوم

محبوب نگر: تاریخ گواہ ہے کہ وہی ملک ترقی یافتہ ہوئے ہیں جہاں تعلیم پر زیادہ توجہ اور اہمیت دی گئی ہے. ان خیالات کا اظہار محبوب نگر ، ضلع اقلیتی بہبود آفیسر جناب محمد عبدالقیوم ہے کیا. حکومت تلنگانہ کے احکامات، "پرجا پالنا – پرگتی پرنالیکا” کے تحت 20 تا 26 اپریل اقلیتی بہبود ویک کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اسی ضمن میں تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس، جڑچرلہ بوائز 1 اور محبوب نگر گرلز 2 میں پرنسپالس محترمہ پریجتا اور محترمہ سری دیوی کی صدارت میں علحدہ علحدہ اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔

رہجنل لیول کوآرڈینیٹر بہاؤالدین نے جڑچرلہ اسکول کے اجلاس میں مہمانوں کا تعارف کرتے ہوئے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی. محمد عبدالقیوم نے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ اقلیتوں کی بہبود کے لیے سنجیدہ ہے َاور متعدد اسکیمات روبہ عمل لائی ہے انہی میں ایک ریزیڈینشیل اسکول و کالج شامل ہے. انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم وہ ہتھیار ہے جس سے ہر مسئلہ کو آسانی سے حل کیا جاسکتا ہے۔

آگے کہا کہ طلبہ کو اپنے اساتذہ کے ساتھ ادب سے پیش آنا چاہئیے کیونکہ اساتذہ روحانی والدین ہوتے ہیں. اردو آفیسر ڈاکٹر منیب آفاق نے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے طلبہ کافی خوش قسمت ہیں کیونکہ انہیں حکومت کی جانب سے بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں. انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم میں کوئی نہ کوئی خوبی (اسکل) پوشیدہ ہوتی ہے، اسے پہچاننا اور باہر لانا وقت کا اہم تقاضہ ہے. ڈاکٹر منیب آفاق نے کہا کہ مقصد کو سامنے رکھ کر تعلیم پر محنت کی جائے تاکہ منزل مقصود کو حاصل کرنے میں آسانی ہو۔

انہوں نے طلبہ کے پیش کردہ تحریری ،تقریری مقابلوں اور ڈراموں کی پیشکش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹمریز کے طلبہ کا انداز ہی نرالہ ہے جو انہیں دیگر اسکولوں کے طلبہ سے مختلف کرتا ہے. محبوب نگر گرلز 2 میں طالبات کی جانب سے پیش کردہ نکڑ ناٹک – درختوں کی اہمیت اور افادیت غیر معمولی اہمیت کا حامل تھا۔

اردو آفیسر نے اساتذہ کی محنت اور پرنسپالس کے انتظامیہ کی تعریف کی اور کہا کہ اس سلسلہ کو جاری رکھیں تاکہ ضلع اور ٹمریز کو قومی سطح پر نمایاں کیا جاسکے اور طلبہ کے مستقبل کو روشن اور کامیاب بنایا جاسکے. اجلاس کے بعد ضلع اقلیتی بہبود آفیسر نے کچن، ڈائنگ ہال،غسل خانے، اور اطراف و اکناف کا معائنہ کیا اور پاکی صفائی کی تعریف کی.اجلاس میں ریجنل لیول کو ارڈینیٹر بہاؤالدین، پرنسپال سری دیوی فزیکل ڈائریکٹر، فزیکل ایجوکیشن ٹیچر ، اسٹاف نرسس اور دیگر شریک تھے.