جموں و کشمیر

سری نگر ایرپورٹ سے 630 عازمین کا پہلا قافلہ سعودی عرب روانہ

ایل جی منوج سنہا نے سفر محمود پر جانے والے حاجیوں سے ملاقات کی اور ان کے تئیں نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں کامیاب حج اور جموں وکشمیر کی خوشحالی کے لئے دعا کرتا ہوں۔

سری نگر: جموں وکشمیر سے حج سال 2023 کے لئے آج یعنی چہارشنبہ سہہ پہر ٹھیک 3 بجے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو الگ الگ پروازوں کے ذریعے 630 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ سعودی عرب روانہ ہوا۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ’اسمارٹ ٹرالیز‘ متعارف (ویڈیو)
امیت شاہ نے کشمیر کی صورتحال کاجائزہ لیا
سعودی عرب میں حج کے دوران 14 اردنی عازمین جاں بحق
میرواعظ عمر فاروق، نظربند
اسرائیل حماس مذاکرات شروع کریں، غزہ کے لوگ زیادہ انتظار نہیں کر سکتے: سعودی عرب

جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عازمین کے قافلے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یو این آئی نامہ نگار کے مطابق بمنہ حج ہائوس میں کافی چہل پہل اور جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے جہاں بدھ کی صبح سے ہی عازمین حج نعروں کی گونج میں اپنے احباب و اقارب کی معیت میں جمع ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کئی گھنٹوں تک حج ہاوس میں قیام کے بعد عازمین کو ٹی آر سی کی خصوصی گاڑیوں کے ذریعے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف روانہ کیا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ ہوائی اڈے پر تین بجے کے قریب حاجیوں کے پہلے قافلے کوجموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

اس موقع پر ایل جی منوج سنہا نے سفر محمود پر جانے والے حاجیوں سے ملاقات کی اور ان کے تئیں نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں کامیاب حج اور جموں وکشمیر کی خوشحالی کے لئے دعا کرتا ہوں۔

حکام کے مطابق سری نگر ہوائی اڈے سے 315 عازمین پر پہلی پرواز 3 بجے جدہ کے لئے روانہ ہوگی جبکہ اتنے ہی عازمین پر مشتمل دوسری پرواز 7 بجے شام روانہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 برسوں میں پہلی بار سری نگر ہوائی اڈے سے حج پرواز براہ راست جدہ روانہ ہوگی۔

امسال جموں وکشمیر کے لگ بھگ 10 ہزار لوگ حج کا مقدس فریضہ انجام دیں گے۔ ادھر سری نگر ہوائی اڈے پر حج سال 2023 کے عازمین کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔

ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر عازمین حج کو انٹری گیٹ سے ہوائی جہاز تک پہنچانے کے لئے ایک الگ علاقہ مختص کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ احرام پہننے کے لئے عازمین کے لئے الگ الگ جگہیں رکھی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عازمین کے آرام دہ اور احسن سفر کو یقینی بنانے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ عازمین کے سامان کی چیکنگ کے لئے حج ہائوس بمنہ میں خصوصی کائنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عازمین کو اے سی گاڑیوں میں ہوائی اڈے تک پہنچایا جائے گا اور ان کے سامان کو الگ ٹرکوں میں لے جایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سری نگر سے جدہ کے سفر کے لئے ایئر پورٹ اتھارٹی نے ایک 340A ائیر بس تعینات کی ہے جو اپنی کشادگی اور آرام دہ سفر کے لئے مشہور ہے۔

a3w
a3w