حیدرآباد

حج ہاؤز نامپلی سے عازمین حج کا آخری قافلہ روانہ

تفسیر اقبال نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ اگر انہیں کوئی شکایت ہے تو انہیں خادم الحجاج سے رجوع کرناچاہئے۔ یہ خادم الحجاج24گھنٹے انہیں دستیاب رہیں گے۔ اس کے علاوہ عازمین حج کیلئے کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کررہا ہے۔

حیدرآباد: اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود تلنگانہ تفسیر اقبال نے آج عازمین حج کے38 ویں قافلہ کو حج ہاوز نامپلی میں جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اس موقع پر ایگزیکٹیو آفیسر ریاستی حج کمیٹی شیخ لیاقت حسین،مولانا جعفر العابدین، مولاناسیدمحمد بختیار بیابانی، مفتی محمد خان، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں
طئے شدہ فلائٹس کے شیڈول کو تبدیل نہ کریں: صدرنشین حج کمیٹی
تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیراہتمام عازمین حج کا چھٹواں تربیتی اجتماع
تلنگانہ حج کمیٹی کا ہفتہ اور اتوار کو عازمین حج کا تربیتی اجتماع
آندھرا پردیش کے عازمین حج کے پہلے قافلہ کی کل روانگی
مینار گارڈن عازمین حج کا دسواں تربیتی اجتماع

 اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ اب تک جملہ11418 عازمین شمس آباد ایر پورٹ سے 38طیاروں کے ذریعہ مدینہ منورہ روانہ ہوئے ہیں۔ تمام عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بعض عازمین حج، سوشل میڈیا کے ذریعہ شکایتیں پیش کررہے ہیں جس سے ان کے افراد خاندان اور تلنگانہ حج کمیٹی کے عہدیداروں کو پریشانی ہورہی ہے۔

انہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ اگر انہیں کوئی شکایت ہے تو انہیں خادم الحجاج سے رجوع کرناچاہئے۔ یہ خادم الحجاج24گھنٹے انہیں دستیاب رہیں گے۔ اس کے علاوہ عازمین حج کیلئے کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کررہا ہے۔

 انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ مسائل درپیش ہونے پر صبر کریں۔ حج کے دوارن کوئی بھی دشواری پیش آنے پر انہیں صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ سابق میں عازمین پانی کے جہاز سے حج کیلئے روانہ ہوتے تھے اس سفر میں انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

 اب اس طرح کی تکالیف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع کے مطابق سرکاری طور پر تقریباً25لاکھ افراد حج کریں گے اور غیر سرکاری طور پر تقریباً 30 لاکھ افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے 8مئی کو پہلا قافلہ شمس آباد ایر پورٹ سے مدینہ منورہ روانہ ہوا تھا۔

23جون سے حجاج حیدرآباد واپس آئیں گے اس موقع پر مولانا جعفر العابدین، مولاناسید محمد بختیار بیابانی نے بھی خطاب کیا۔ کارروائی کا آغاز حافظ وقاری محمد ابراہیم صدیقی کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ محمد شفیع اللہ خان نے نعت سنائی۔ ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی شیخ لیاقت حسین نے خیرمقدمی تقریر کی۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف نے کارروائی چلائی۔ مفتی محمد خان نے دعا کی۔

a3w
a3w