نیا غلافِ کعبہ کلید بردارِ کعبہ کے حوالے، یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا
ہ غلاف خالص قدرتی کالے ریشم سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی اونچائی 14 میٹر ہے، جبکہ اس کے اوپری حصے پر چھیانوے (95) سینٹی میٹر چوڑا اور 47 میٹر لمبا بیلٹ (پٹی) موجود ہے جو اسلامی نقش و نگار سے سجے 16 پینلز پر مشتمل ہے
مکہ مکرمہ : خانۂ کعبہ کے نئے غلاف (کسوۂ کعبہ) کو خادمِ حرمین شریفین کی نیابت میں کلید بردارِ کعبہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہ روح پرور تقریب نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں نئے غلاف کی حوالگی کی رسمی کارروائی مکمل کی گئی۔
حرمین شریفین کے امور کے ذمہ دار اداروں کے مطابق ہر سال کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس مرتبہ بھی غلافِ کعبہ یکم محرم الحرام 1448 ہجری کو تبدیل کیا جائے گا۔ اس موقع پر خانۂ کعبہ کے گرد خصوصی انتظامات کیے جائیں گے اور ماہرین کی ایک خصوصی ٹیم پرانے غلاف کو اتار کر نیا غلاف نصب کرے گی۔
نیا غلافِ کعبہ اعلیٰ معیار کے قدرتی سیاہ ریشم سے تیار کیا جاتا ہے، جس پر خالص سونے اور چاندی کے دھاگوں سے قرآنی آیات اور اسلامی نقوش کشیدہ کیے جاتے ہیں۔ یہ غلاف خالص قدرتی کالے ریشم سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی اونچائی 14 میٹر ہے، جبکہ اس کے اوپری حصے پر چھیانوے (95) سینٹی میٹر چوڑا اور 47 میٹر لمبا بیلٹ (پٹی) موجود ہے جو اسلامی نقش و نگار سے سجے 16 پینلز پر مشتمل ہے۔
غلاف سازی کا یہ عظیم کام مکہ مکرمہ میں قائم کسوہ فیکٹری میں انجام دیا جاتا ہے، جہاں سینکڑوں ماہر کاریگر اس مقدس خدمت میں حصہ لیتے ہیں۔
غلافِ کعبہ کی تبدیلی اسلامی دنیا کے لیے ایک اہم اور روحانی موقع تصور کی جاتی ہے۔ ہر سال دنیا بھر کے مسلمان اس بابرکت منظر کو عقیدت و محبت کے ساتھ دیکھتے ہیں، جبکہ پرانے غلاف کے مختلف حصے بعد ازاں اسلامی شخصیات، اداروں اور عجائب گھروں کو بطور تحفہ پیش کیے جاتے ہیں۔
یکم محرم کو منعقد ہونے والی تقریب میں حرمِ مکی کے اعلیٰ حکام، کلید بردارِ کعبہ اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوں گی، جہاں نئے اسلامی سال کے آغاز کے ساتھ غلافِ کعبہ کی تبدیلی کا یہ تاریخی عمل مکمل کیا جائے گا۔